0
Friday 19 Jul 2019 00:12

ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں حکومت مداخلت نہیں کریگی، وزیراعظم

ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں حکومت مداخلت نہیں کریگی، وزیراعظم
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان  نے ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم کے معاونین خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار، صدر لاہور چیمبرالماس حیدر، سینئرنائب صدرخواجہ شہزاد اور دیگر افراد شریک ہوئے۔ تاجر رہنماؤں و صنعت کاروں نے وزیر اعظم عمران خان کو انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم کو انڈسٹری پر لگائے گئے ٹیکسز پر اپنے تحفظات پیش کئے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے فروغ کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں،  جب تک ٹیکس کا نظام درست نہیں ہوگا، آگے نہیں بڑھ سکتے، مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے تاجر اور عوام ہمارا ساتھ دیں۔ عمران خان کاکہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے، ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت اداروں کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے مستفید ہوں گے۔

انڈسٹریل زوننگ اور ٹاون پلاننگ کی اہمیت کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ماضی میں ان کی اہمیت کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے آلودگی، بنیادی سہولیات کا فقدان اور دوسرے سماجی مسائل نے جنم لیا، 1960ء کی دہائی کا پاکستان ایشیاء میں بھرپور ترقی کر رہا تھا جس کی وجہ صنعتی ترقی تھی، بدقسمتی سے ہم ایک منفی مائنڈ سیٹ کا شکار ہو گئے اور خطے کے دوسرے ممالک ہم سے آگے نکل گئے، ملکی ترقی کے لیے صنعتی ترقی ناگزیر ہے اس کی بدولت روزگار میسر ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 805703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش