0
Friday 19 Jul 2019 15:10

کشمیری قوم کو بھی انصاف فراہم کیا جائے، سید علی گیلانی

کشمیری قوم کو بھی انصاف فراہم کیا جائے، سید علی گیلانی
اسلام ٹائمز۔ کلبوشن جادھو کے بارے میں عالمی عدالت کے فیصلہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں چاہا کہ کسی شخص یا قوم کو انصاف نہ ملے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھارتی شخص کو بقول ان کے انصاف دلانے کے لئے بھارت نے کہا کہ وہ کسی بھی حد تک جاسکتا ہے اور وہ کلبوشن جادھو کے لئے عالمی عدالت تک بھی گیا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ کلبوشن قصوروار ہے یا نہیں، ان کو سزا ملنی چاہیئے یا رہائی، یہ بہرحال عدالت انصاف کے مناصب پر فائز افراد کا کام ہے کہ وہ اپنے ضمیر اور شواہد کی بنیاد پر اس شخص کے بارے میں آئینی اور قانونی تقاضوں کو پورا کریں، لیکن سوال یہ ہے کہ اگر ایک فرد کو انصاف دلانے کے لئے ایک ملک اپنے تمام وسائل بروئے کار لاسکتا ہے تو ایک قوم جس کا مسئلہ گزشتہ قریباً ایک صدی سے خود بھارت ہی اقوامِ عالم کے سامنے لے گیا ہے، کو اب تک انصاف سے کیوں محروم رکھا گیا۔؟

سید علی گیلانی نے کہا کہ اس کے برعکس جب بھی اس قوم نے عالمی سطح پر کئے گئے وعدوں، وہاں منظور شدہ قراردادوں اور عالمی اصولوں اور عدل و انصاف کی طرف توجہ مبذول کرانے کی کوششیں کی تو انہیں خاموش کرانے کے لئے طاقت کا بے تحاشا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے پورے سسٹم اور طاقت کو اس آواز کو کچلنے کے لئے بروئے کار لایا گیا اور لایا جارہا ہے۔ حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ جس طرح بھارتی حکمران ایک فرد کی زندگی کے لئے بے قرار ہوکر انصاف دلانے کے لئے اُس کی پشت پر کھڑے ہیں اسی طرح ڈیڑھ کروڑ انسانوں کی آبادی کو عذاب و عتاب سے نکالنے اور ان کی بقاء کے لئے یہ حکومت اور اُن کے عوام کیوں تیار نظر نہیں آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دعویٰ کرنے والے بھارت جیسے ملک کے یہ شایان شان نہیں ہے کہ وہ ایک مظلوم قوم کے جمہوری اور پیدائشی حق کو بروز قوت دبائے۔
خبر کا کوڈ : 805729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش