QR CodeQR Code

چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک، اپوزیشن کا 60 سینیٹرز کی حمایت کا دعویٰ

19 Jul 2019 16:05

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی حکومت اور میں اپوزیشن کی نمائندگی کر رہا ہوں اور چیئرمین سینیٹ کا معاملہ نہ بلوچ کا مسئلہ ہے نہ بلوچستان کا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ نیشنل عوامی پارٹی کے سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا ہے کہ حکومت کو صرف 33 اراکین کی حمایت حاصل ہے اور اپوزیشن کے پاس 66 اراکین ہیں۔ اسلام آباد میں اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینیٹر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی حکومت اور میں اپوزیشن کی نمائندگی کر رہا ہوں اور چیئرمین سینیٹ کا معاملہ نہ بلوچ کا مسئلہ ہے نہ بلوچستان کا ہے، اجلاس بلایا جائے اور ووٹنگ کی جائے تاکہ اکثریت کا پتا چلے، حکومت کو صرف 33 اراکین کی حمایت حاصل ہے اور اپوزیشن کے پاس 66 اراکین ہیں۔ حاصل بزنجو نے کہا کہ ہماری تحریک منظور ہوئی یا نامنظور ہمیں نہیں بتایا گیا اور  گزشتہ روز کی میٹنگ میں اپوزیشن کے 55 سینیٹرز نے شرکت کی، کل پھر میٹنگ ہو گی، امید ہے ہم 60 سے زائد ووٹ لیں گے، چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں تاخیر آئین کی خلاف ورزی ہوگی، حکومت کوئی بھی حربہ استعمال کرلے اپوزیشن نہ بکے گی اور نہ جھکے گی۔

جے یو آئی (ف) کے سینیٹر غفورحیدری نے کہا کہ ہمارا ٹارگٹ حکومت ہے، ہماری اگر کسی کے ساتھ دشمنی ہے تو موجودہ حکومت سے ہے، اپنا چیئرمین سینیٹ لانا ہمارا آئینی حق ہے، کل کے اجلاس میں ہماری واضح اکثریت تھی۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نمبرز کی نفی کرکے یہ زور زبردستی سے یہ عہدہ رکھنا چاہتے ہیں، حربے استعمال کرنا ان کی بدنیتی ہے، چیئرمین کہہ رہے ہیں آپ مجھے ہٹا نہیں سکتے لیکن پارلیمان اکثریت کی بنیاد پر چلتا ہے۔ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ظفرالحق نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خط کا جواب جمع کرا دیا، ہم نے خط میں لکھا ہے کہ آپ تحریک عدم اعتماد والا اجلاس چیئر نہیں کرسکتے، ڈرافٹ سابق چیئرمین میاں رضا ربانی نے لکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 805821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805821/چیئرمین-سینیٹ-کیخلاف-تحریک-اپوزیشن-کا-60-سینیٹرز-کی-حمایت-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org