QR CodeQR Code

معیشت کو دستاویزی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، شبر زیدی

19 Jul 2019 19:20

اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ شناختی کارڈ اس سے مانگا ہے جو 50 ہزار سے زائد کی شاپنگ کرتا ہے، پاکستان میں فقیر کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے، وزیراعظم بھی شناختی کارڈ کی شرط پر عمل چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ اشیاء کے بجائے آمدن پر ٹیکسز جمع کرکے دکھائیں گے، امیروں سے ٹیکس لینے پر سب متفق ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ اس سے مانگا ہے جو 50 ہزار سے زائد کی شاپنگ کرتا ہے، پاکستان میں فقیر کے پاس بھی شناختی کارڈ ہے، وزیراعظم بھی شناختی کارڈ کی شرط پر عمل چاہتے ہیں۔ شبر زیدی کے مطابق پاکستان کو حوالہ ہنڈی نے نقصان پہنچایا ہے، افغان ٹرانزٹ پر مناسب چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے سے نقصان ہوا، بجٹ میں ٹیکس کا پورا نظام بدل رہے ہیں، ایک دن میں مختلف شعبوں کے 15 وفود سے مل رہا ہوں، ٹیکس فری کے عادی شناختی کارڈ کی شرط پر اعتراض کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

انکا کہنا تھا کہ ہر کوئی شناختی کارڈ کو این ٹی این قرار دینے کے حق میں ہے، شناختی کارڈ کی چھوٹی سی شرط عائد کی پورا پاکستان مخالف ہوگیا، یہ مائنڈ سیٹ عام دمی کا نہیں ہے ٹیکس فری ماحول میں رہنے والوں کا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان میں کچھ بڑی کمپنیاں ہر سال 25 فیصد منافع کماتی ہیں، پاکستان میں صنعتوں کو ختم کرکے تجارت کو فروغ دیا گیا، پاکستان جوتے بھی درآمد کرتا ہے کیونکہ صنعت بند ہے، المیا ہے کہ اصل آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی شرط کے خلاف ہڑتال اور مزاحمت کی جارہی ہے، امیر کہتے ہیں ہم زکوٰۃ دیتے ہیں، یہ کافی نہیں، ویلتھ ٹیکس دینا ہوگا، پاکستانیوں کو اب ٹیکس کا کلچر اپنانا ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 805844

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805844/معیشت-کو-دستاویزی-بنانے-پر-کوئی-سمجھوتہ-نہیں-کریں-گے-شبر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org