0
Friday 19 Jul 2019 19:55

ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22 کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے، شاہ محمد شاہ

ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22 کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے، شاہ محمد شاہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ  نے کہا ہے کہ ایک نالائق شخص کو کھیل کے میدان سے اٹھا کر 22 کروڑ عوام کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے، جس کے نتائج آج پوری قوم بھگت رہی ہے، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو جھوٹے اور من گھڑت کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، ہمارے لئے جیل نئی بات نہیں ہے، ہم نے اس سے پہلے بھی آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور اب اس سول مارشل لاء کا بھی مقابلہ کریں گے، سلیکٹڈ حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کا سلسلہ جاری رہا تو محرم کے بعد پورا ملک جام کردیں گے، ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہیٰ، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی، علی اکبر گجر اور محمد سلمان بھی موجود تھے۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت اپوزیشن کی احتجاجی تحریک سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، ہم نے آمروں کے دور میں بھی جیلیں دیکھی ہیں، نالائق اور جاہل آدمی کو ملک کی حکمرانی سونپ دی گئی ہے، عمران خان بیچارے کو یہ بھی علم نہیں کہ گرفتاریاں کرنی کیسے ہیں۔ انہوں نے صحافیوں کو بھی نہیں چھوڑا، پورا ملک جیل خانے کا منظر پیش کررہا ہے، ان کے وزراء جوتشی بن گئے ہیں اور پیش گوئی میں مصروف رہتے ہیں کہ اس دن یہ اپوزیشن کے رہنما گرفتار ہوجائے گا، وفاقی وزراء کے بیانات سے نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کے جج کی ویڈیو نے نواز شریف کی بے گناہی ثابت کردی ہے، لیکن بجائے اس کے کہ نواز شریف کو رہا کیا جائے معاملے کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے، اس معاملے کی جوڈیشل انکوائری کرنے کا مطلب یہ ہے کہ معاملہ 5 سال کے لئے التواء کا شکار ہوگیا۔

شاہ محمد شاہ نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا قانون نہیں کہ سیاسی شخصیت کو جیل میں ڈال کر انکوائری کی جائے، ہم بھی ایک من ہیروئن کیس میں گرفتار ی کے لئے تیار ہیں، ہم پوچھنا چاہتے ہیں کہ پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو پرویز الہی، پرویز خٹک، علیمہ باجی اور جہانگیر ترین کو کب گرفتار کیا جائے گا، احتساب کے نام پر سیاسی انتقام شروع کرکے ملک کی ساکھ کو کمزور کیا جارہا ہے، فاٹا اور بلوچستان کی صورت حال سب کے سامنے ہے، محرم کے بعد بھی یہ صورت حال رہی تو پورا ملک جام کردیں گے، ہم بدتمیز نہیں ہیں، کل یہ نہ ہو کہ آپ تنہا رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا تھا، تمام بین الاقوامی معاشی ادارے کہہ رہے تھے کہ ملک کی معیشت تیزی کے ساتھ ترقی کررہی ہے لیکن ایک نااہل کی حکومت آتے ہی ملک 30 سال پیچھے چلے گیا ہے، ایک سال میں سلیکٹڈ حکومت نے پاکستان کو سیاسی اور معاشی بحران کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے، ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 805856
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش