قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر پولنگ جاری
20 Jul 2019 09:52
آج ہونے والے ان انتخابات میں 28 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس میں مردوں کی تعداد 16 لاکھ 70 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار ہے۔
اسلام ٹائمز۔خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے۔ خیبر پختوخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں پر بڑی سیاسی جماعتوں، سابق اراکین اسمبلی اور آزاد امیدواروں کے مابین دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ آج ہونے والے ان انتخابات میں 28 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس میں مردوں کی تعداد 16 لاکھ 70 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار ہے۔ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے ان انتخابات کے لیے ایک ہزار 896 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں ان میں 482 مردوں کے جبکہ 376 پولنگ اسٹیشنز خواتین کے ہیں جبکہ ایک ہزار 39 پولنگ اسٹیشنز مشترکہ ہیں۔ جن میں سے 554 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے تمام نشتسوں پر اپنے امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ایف) نے 15، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 14 اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 13 نشتسوں سے انتخابات میں حصہ لیا ہے۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 5 امیدوار، جماعت اسلامی نے 13 اور قومی وطن پارٹی نے 3 نشستوں پر انتخاب میں حصہ لیا ہے جبکہ 20 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے لیے 202 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
خبر کا کوڈ: 805921