QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع کیلئے آج تاریخ ساز دن ہے، افتخار درانی

20 Jul 2019 12:52

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ قبائلی عوام اپنے عوامی نمائندوں کو تاریخ میں پہلی دفعہ منتخب کرینگے، قبائلی علاقہ جات کی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، عوام حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کیلئے ووٹ کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ قبائلی اپنے عوامی نمائندوں کو تاریخ میں پہلی دفعہ منتخب کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی نے کہا کہ قبائلی اضلاع کیلئے آج تاریخ ساز دن ہے، قبائلی اپنے عوامی نمائندوں کو تاریخ میں پہلی دفعہ منتخب کریں گے۔ افتخار درانی نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات کی عوام کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، عوام حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے اپنے امیدواروں کیلئے ووٹ کریں۔ واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ضم کئے گئے قبائلی علاقوں میں پہلے تاریخ ساز انتخابات کیلئے پولنگ جاری ہے، عوام پہلی بار ووٹ کا حق استعمال کر رہے ہیں۔ ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی 3، ضلع مہمند میں 2، ضلع خیبر میں 3، ضلع کرم میں 2 اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کیلئے ووٹ کاسٹ کیے جا رہے ہیں۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دو نشستوں پر پولنگ ہو رہی ہے اور اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔ 28 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، 2 خواتین سمیت 285 امیدوار میدان سیاست میں‌ مدِمقابل ہیں۔


خبر کا کوڈ: 805953

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/805953/قبائلی-اضلاع-کیلئے-آج-تاریخ-ساز-دن-ہے-افتخار-درانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org