0
Saturday 20 Jul 2019 22:16

سی پیک کے تحت گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے تین منصوبے تجویز

سی پیک کے تحت گلگت بلتستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے تین منصوبے تجویز
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کی حکومت نے سی پیک کے تحت علاقے میں تعلیم کے شعبہ میں بہتری لانے کیلئے 2 ارب 39 کروڑ 68 لاکھ 28 ہزار مالیت کے 3 منصوبے تجویز کر لئے ہیں، چائنیز حکومت ان منصوبوں کیلئے فنڈز اور ٹیکنیکل سپورٹ فراہم کرے گی اور یہ منصوبے ایک سال کی مدت کے اندر مکمل کئے جائیں گے۔ گلگت بلتستان کی حکومت نے ان منصوبوں کو پلاننگ کمیشن آف پاکستان کو ارسال کر دیا ہے تاکہ ان منصوبوں کو منظوری کیلئے چائنیز حکومت کو ارسال کیا جا سکے۔ جی بی حکومت کی جانب سے ارسال کئے گئے محکمہ تعلیم کے ان تین منصوبوں میں سے پہلے منصوبہ کے تحت گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں سمارٹ کلاس رومز کا قیام عمل میں لایا جائے گا، جس کے تحت 215 کلاس روم کو مکمل طور پر آئی ٹی سسٹم پر منتقل کیا جائے گا، جہاں ان کلاس رومز میں ڈیجیٹل ٹیچنگ نظام متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اساتذہ کی کیپیسیٹی بلڈنگ کی جائے گی، اس منصوبے پر 11 کروڑ 28 لاکھ 72 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

دوسرے منصوبے کے تحت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے 652 سکولوں میں سہولیات کی کمی کو دور کیا جائے گا۔ جس میں ان سکولوں کی چاردیواری کی تعمیر، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی، ٹوائلٹ بلاکس، کلاس رومز کی تعداد میں اضافہ، لیبارٹری، لائبریری اور امتحانی ہال تعمیر کئے جائیں گے۔ ان منصوبوں پر کل 1 ارب 51 کروڑ 12 لاکھ 71 ہزار روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم کے تیسرے منصوبہ کے تحت گلگت بلتستان کے دیہی علاقوں کے 1173 سکولوں میں جدید تدریسی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا جس میں ان سکولوں میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے ان سکولوں میں جدید لیپ ٹاپس اور دیگر آئی ٹی سامان فراہم کئے جائیں گے۔اس منصوبے پر کل 77 کروڑ 28 لاکھ 65 ہزار روپے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 806047
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش