QR CodeQR Code

قبائلی اضلاع کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو 10 سے 12 سیٹیں مل سکتی ہیں، محمود خان

20 Jul 2019 22:41

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ آنے والا وقت قبائلی عوام کیلئے خوش آئند ہوگا، بتدریج بہتری کیطرف جائیں گے اور یہ علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہونگے، مجموعی طور پر قبائلی اضلاع میں الیکشن پُرامن اور شفاف ہوئے۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی محمود خان نے قبائلی اضلاع میں پُرامن انتخابات کے انعقاد پر تمام اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن قبائل کی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات ایک تاریخی کارنامہ اور قبائلی علاقہ جات کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ویژن اور کوششوں کی کڑی ہے جو قبائلی عوام کی ترقی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع کیلئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں خطیر وسائل مختص کئے۔ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے اپنے این ایف سی ایوارڈ میں سے 11 ارب روپے قبائلی علاقہ جات کو دیئے ہیں۔ وزیراعلٰی نے کہا کہ آنے والا وقت قبائلی عوام کیلئے خوش آئند ہوگا، بتدریج بہتری کی طرف جائیں گے اور یہ علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔ قبائلی اضلاع میں آج ہونے والی صوبائی اسمبلی کے الیکشن سے متعلق انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ قبائلی اضلاع کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو 10 سے 12 سیٹیں مل سکتی ہیں، کیونکہ تحریک انصاف نے علاقے میں کافی محنت کی ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر قبائلی اضلاع میں الیکشن پُرامن اور شفاف ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 806059

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806059/قبائلی-اضلاع-کے-انتخابات-میں-پی-ٹی-ا-ئی-کو-10-سے-12-سیٹیں-مل-سکتی-ہیں-محمود-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org