QR CodeQR Code

این اے 205 ضمنی الیکشن، پیپلز پارٹی کی فوج تعیناتی کیخلاف درخواست

20 Jul 2019 23:53

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں بھی پاک فوج کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعینات کرکے الیکشن کو متنازع بنا دیا گیا، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی نے این اے 205 گھوٹکی کے ضمنی الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر فوج کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن میں درخواست دے دی ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے آج صوبائی الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ درخواست میں الیکشن کمیشن سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے اور پولنگ اسٹیشن کے باہر جوانوں کو تعینات رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں فوج کی تعیناتی کا تجربہ انتہائی تلخ رہا ہے، انتخابات میں پاک فوج کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر تعینات کرکے الیکشن کو متنازع بنا دیا گیا۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر الیکشن کمیشن کا اسٹاف پریذائیڈنگ افسران اور ایجنٹ ہوتے ہیں، عسکری جوانوں کو پولنگ اسٹیشن کے اندر نہیں باہر تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظات پر مبنی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی ہے، جو الیکشن کمیشن کے آفیسر نے وصول کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی نواز مہر کو مخالف امیدوار کی حمایت کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا ہے، پریذائیڈنگ افسران کی تعیناتی الیکشن کمیشن کا کام ہے اس حوالے سے تحریک انصاف کا اعتراض بلاجواز ہے۔


خبر کا کوڈ: 806071

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806071/این-اے-205-ضمنی-الیکشن-پیپلز-پارٹی-کی-فوج-تعیناتی-کیخلاف-درخواست

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org