QR CodeQR Code

مریم نواز کا پابندی کے باوجود فیصل آباد میں ریلی نکالنے کا اعلان

21 Jul 2019 00:25

فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مریم نواز کی ریلی کے لیے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ مسلم لیگ نون فیصل آباد سٹی کے صدر شیخ اعجاز کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے خط جاری کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ وہ کل ضرور فیصل آباد جائیں گی اور پابندی کے باوجود ریلی نکالی جائے گی۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے ماڈل ٹاون لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کل میری پہلی ریلی ہے، لیکن انتظامیہ نے خوف کی وجہ سے اجازت نہیں دی، جبکہ گزشتہ روز پورا اسلام آباد بند کر دیا گیا تھا ایسا لگ رہا تھا کہ بھارت حملہ کرنے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جتنی بھی گرفتاریاں کر لے وہ نون لیگ کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی اور ہر رہنماء پکڑے جانے کے بعد دوسرا رہنماء جدوجہد کرتا رہے گا، میں کل فیصل آباد کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرنے ضرور جاؤں گی۔

واضح رہے کہ فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ نے مریم نواز کی ریلی  کے لیے اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ مسلم لیگ نون فیصل آباد سٹی کے صدر شیخ اعجاز کی درخواست پر ڈپٹی کمشنر نے خط جاری کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جواب دیا گیا ہے کہ حکومت پنجاب کے ایڈمسٹریشن ایکٹ 2017ء کے تحت ریلی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ فیصل آباد ریلی کا جو روٹ درخواست میں بتایا گیا ہے اس کے راستے میں اسپتال، چرچ اور ہائی سیکیورٹی ادارے موجود ہیں۔ انتظامیہ نے لکھا ہے کہ مسلم لیگ نون کی ریلی کی وجہ سے ٹریفک میں رکاوٹ اور امن امان کی صورتحال خراب ہو سکتی ہے۔ ریلی کے لئے نئی درخواست دی جائے، جس میں ریلی کی نوعیت، آمد اور جانے کا پوائنٹ واضع درج ہو، اجازات ملنے تک کوئی بھی ریلی نکالنا خلاف قانون ہے۔
 


خبر کا کوڈ: 806074

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806074/مریم-نواز-کا-پابندی-کے-باوجود-فیصل-آباد-میں-ریلی-نکالنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org