QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے، فاروق عبداللہ

21 Jul 2019 10:03

پارٹی کنونشن سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں کئی جماعتیں اقتدار کی بھوکی ہیں لیکن ریاست کے تشخص کو بچانے کے لئے انہیں کوئی بھی فکر نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں نیشنل کانفرنس کی حکومت نہیں چاہتی کیونکہ اسے ڈر ہے کہ اگر این سی کی حکومت آئے گی تو اسے جھکنا پڑے گا۔ ہندوارہ میں پارٹی کنونشن سے خطاب کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ کشمیر میں کئی جماعتیں اقتدار کی بھوکی ہیں لیکن ریاست کے تشخص کو بچانے کے لئے انہیں کوئی بھی فکر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں ریاست کے تشخص کو بچانے کی فکر ہوتی تو وہ نیشنل کانفرنس کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھارتی حکومت سے کوئی لڑائی نہیں بلکہ لڑائی یہ ہے کہ انہوں نے ہمارے ساتھ کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انہیں کہنا چاہتے ہیں کہ جب ہندوستان اور پاکستان دو الگ الگ ملک بن گئے تو کشمیر کا فیصلہ ہوا لیکن مہاراجہ فیصلہ نہ کرسکا۔ انہوں نے کہا کہ مہاراجہ اس کوشش میں تھے کہ کشمیر ایک آزاد ریاست ہونی چاہیئے جو دونوں ملکوں کے درمیان رہ کر زندہ رہ سکے تاہم بعد میں انہیں ریاست کا تشخص بچانے کے لئے الحاق کرنا پڑا اور ریاست میں دفعہ 370 کا قانون لاگو کیا گیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ابھی تک مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کرنا باقی ہے اور جب اس مسئلہ کشمیر کا فیصلہ کیا جائے گا تو پھر دفعہ 370 کی کوئی ضرورت نہیں پڑے گی، لیکن اس سے قبل چھیڑچھاڑ کرنے کی کوشش کی گئی تو برے نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 806093

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806093/مسئلہ-کشمیر-کا-فیصلہ-ہونا-ابھی-باقی-ہے-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org