0
Sunday 21 Jul 2019 13:14

پاکستان کی سالمیت اور استحکام اس کے نظریے کے ساتھ وابستہ ہے، امیر العظیم

پاکستان کی سالمیت اور استحکام اس کے نظریے کے ساتھ وابستہ ہے، امیر العظیم
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام منصورہ میں منعقد ہونیوالی 2 روزہ لیڈرشپ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو اب بھی یقین نہیں کہ وہ حکومت میں ہیں، فیصلے ایوانوں میں نہیں کہیں اور ہو رہے ہیں، آئی ایم ایف جو بھی فیصلہ کرتی ہے وہ من و عن تسلیم کرلیا جاتا ہے، حکمرانوں میں دم مارنے کی جرات نہیں، حکومت کی معاشی پالیسیاں بری طرح ناکام ہوگئی ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روز گاری اور غربت نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے، حکومت آئے روز ضروریات زندگی کی قیمتیں بڑھا کر عوام کی مشکلات میں اضافہ کررہی ہے، معاشی بدحالی میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، حکومت نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے پانچ لاکھ سے زائد لوگوں سے روزگار چھین لیا ہے اور پچاس لاکھ گھر بنانے کا نعرہ لگانے والوں نے ہزاروں لوگوں کو بے گھر کردیا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والوں کی توقعات اور امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، ملکی مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ قوم ملک میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کیلئے اٹھ کھڑی ہو اور جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ امیر العظیم نے کہاکہ قادیانیوں کے ساتھ حکومت کا نرم رویہ اور سرپرستی نہ صرف اسلام بلکہ آئین پاکستان سے بھی بے وفائی ہے، حکومتی رویہ ملک میں بے چینی کی فضا پیدا کررہا ہے، ملک میں آئین و دستور کی بالا دستی اور آمریت اور غیرآئینی حکومتوں کی مخالفت جماعت اسلامی کی جدوجہد کا طرہ امتیاز رہا ہے، حکومت ابھی تک شش و پنج میں ہے اور اپنے اکھڑتے قدموں کو جمانے میں لگی ہوئی ہے، عام آدمی کی خوشحالی اور استحکام حکومت کا مطمع نظر نہیں، پاکستان کی سالمیت اور استحکام اس کے نظریے کے ساتھ وابستہ ہے، ملک کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظریہ پاکستان پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والوں کو اکٹھا کررہی ہے تاکہ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کے ساتھ ساتھ نظریاتی سرحدوں کو بھی محفوظ بنایا جاسکے۔ تربیت گاہ سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان عبدالغفار عزیز، رہنماء جماعت اسلامی معروف سکالر ڈاکٹر خلیل الرحمن چشتی، معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر اختر حسین عزمی، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد نے بھی خطاب کیا۔ منصورہ میں منعقد ہونے والی 2 روزہ لیڈر شپ تربیت گاہ میں الخدمت ہیلتھ کارڈ کا اجراء بھی کیا گیا۔ اس موقع پر صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد نے نائب صدر الخدمت فاونڈیشن لاہور انجینئر حماد، امیر جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد کو ہیلتھ کارڈ پیش کیے، جبکہ تربیت گاہ میں الخدمت فاونڈیشن لاہور کی جانب سے فری بلڈ سکرننگ کیمپ بھی لگایا گیا، جس میں شرکاء کے فری ٹیسٹ ہوئے اور انہیں ہیلتھ کارڈ دیئے گئے۔
 
خبر کا کوڈ : 806136
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش