0
Sunday 21 Jul 2019 19:23

ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے واقعات، قومی رہنماؤں کی مذمت

ڈی آئی خان میں دہشتگردی کے واقعات، قومی رہنماؤں کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور امیر جے یو آئی (ف) نے ڈیرہ اسمعیل خان میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے واشنگٹن سے جاری بیان میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے دھماکے کو امن و امان کو تہہ و بالا کرنے کی ناکام کوشش قرار دیا، وزیر خارجہ نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ڈی آئی خان میں فائرنگ اور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سمیت معصوم شہریوں کی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ دہشت گرد حملے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں، مٹھی بھر دہشت گرد ایک بار پھر ڈیرہ اسماعیل خان میں منظم طریقے سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے قوم جنازے اُٹھا رہی ہے۔ اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اے این پی بار ہا مطالبہ کرتی آ رہی ہے کہ دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور تمام کالعدم تنظیموں کی پناہ گاہوں و سہولتکاروں کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائی کی جائے، لیکن صرف مصلحت سے کام لیتے ہوئے ہماری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا جس کے باعث دہشت گرد منظم ہو رہے ہیں۔ صدر اے این پی نے کہا کہ ڈی آئی خان دھماکا دہشت گردوں کی جانب سے خطرے کی گھنٹی ہے، تاہم اب وقت ہے کہ مستقبل میں بڑی تباہی سے بچنے کیلئے اس بارے میں سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں، نیشنل ایکشن پلان پر ملک بھر میں کہیں بھی عمل درآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے قوم جنازے اٹھا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 806198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش