0
Sunday 21 Jul 2019 22:47

صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ، سینیٹ اجلاس یکم اگست کو طلب

صادق سنجرانی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ، سینیٹ اجلاس یکم اگست کو طلب
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر صدر مملکت نے ایوان بالا کا اجلاس یکم اگست کو طلب کرلیا۔ سینیٹ اجلاس کے لیے وزارت پارلیمانی امور نے صدر مملکت کو سمری بھجوائی تھی جس کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے سینیٹ کا اجلاس یکم اگست کو طلب کیا ہے۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کو ہٹانے کی قرارداد پیش کی جائے گی۔ اپوزیشن ارکان چیئرمین سینیٹ اور حکومت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی الگ الگ قراردادیں پیش کریں گے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سینیٹ اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر خفیہ رائے شماری کے ذریعے ووٹنگ ہوگی۔ ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہوگی۔

گزشتہ روز چیئرمین سینیٹ نے اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 23 جولائی کو ایوان بالا کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا تھا۔ سینیٹ سیکریٹری ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس کا آرڈر آف دی ڈے پیر کو تیار کیا جائے گا لیکن ریکوزیشن اجلاس کے ایجنڈے میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ شامل نہیں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق ریکوزیشن اجلاس میں چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی تحریک پر صرف بحث ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی قرارداد پر ووٹنگ سینیٹ کے معمول کے اجلاس میں ہوگی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایک ہفتے کی تاخیر سے سینیٹ اجلاس بلایا ہے۔ سینیٹر شیری رحمان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کو توڑنے اور تحریک عدم اعتماد کی واپسی کی بہت کوشش کی لیکن تمام تر دباؤ کے باوجود اپوزیشن متحد رہی۔

انہوں نے کہا کہ یکم اگست کے اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا معاملہ رکھا گیا ہے، چیئرمین سینیٹ کے خلاف قرارداد پہلے آئی تو اس لیے اس پر پہلے فیصلہ ہونا چاہیے۔ شیری رحمان کے مطابق اپوزیشن اپنے کل کے اجلاس میں یکم اگست کی حکمت عملی بنائے گی۔ یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرائی گئی تھی جسے اعتراض لگا کر واپس کر دیا گیا تھا۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو انہیں ہٹانے کے لیے جمع کرائی گئی قرارداد واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے امیدوار حاصل بزنجو بلوچستان سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ نیشنل پارٹی کے صدر ہیں جب کہ ان کی جماعت کی سینیٹ میں 5 نشستیں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 806232
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش