0
Monday 22 Jul 2019 10:08

ٹرمپ کے سامنے پاکستانی قوم کو شرمندہ نہیں ہونے دونگا، عمران خان کا امریکہ میں جلسہ عام سے خطاب

ٹرمپ کے سامنے پاکستانی قوم کو شرمندہ نہیں ہونے دونگا، عمران خان کا امریکہ میں جلسہ عام سے خطاب
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ایرینا میں عوام کے جم غفیر سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان آپ کی آنکھوں کے سامنے ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم 3 روزہ سرکاری امریکا کے دورے پر واشنگٹن میں موجود ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ایرینا میں جلسہ بھی کیا جس میں لاکھوں کی تعداد میں امریکا میں مقیم پاکستانی برادری نے شرکت کی۔ تقریب کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان کی 22 سا لہ جدوجہد پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی جس میں ان کی کرکٹ سے لے کر وزیراعظم پاکستان بننے تک کی جدوجہد کا سفر دکھایا گیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ این آر او کے لیے دوسرے ملکوں سے سفارشیں آ رہی ہیں، کسی صورت میں بھی کسی کو این آر او نہیں دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیاں معدنی ذخائر کو استعمال میں لانے کے لیے نہیں آتیں، کرپشن ختم کر کے پاکستان کو اوپر اٹھا کر دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاگیردارانہ نظام اور خاندانی سیاست کی حوصلہ شکنی کر رہے ہیں، میرا کوئی رشتہ دار یا دوست کسی عہدے پر نہیں ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے تحریک انصاف کی حکومت کوششیں کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے اداروں کو آزاد کیا ہے، کسی کے اوپر ہم نے کیس نہیں بنایا، جب کرپشن کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو انتقامی کارروائی کا رونا رویا جاتا ہے، عدالتی فیصلہ آتا ہے تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب نیا پاکستان بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف کو آمریت نے لیڈر بنایا جبکہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کاغذ کا ٹکڑا دکھا کر لیڈر بن گئے، ولی خاندان کا بھی یہی حال ہے، مولانا فضل الرحمان بھی اسی طرح لیڈر بنے اور اس کے بھائی اور بچے بھی لیڈر بن گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ آج سارے اکٹھے ہو گئے ہیں ایک دینی جماعت کا سربراہ ہے جو لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف اپنے آپ کو سیکولر سمجھنے والے لوگ ہیں اور وہ بھی ان کے پیچھے چل رہے ہیں اور ان سب کا ایک ہی مقصد ہے کہ این آر او دیا جائے جس کے لیے دیگر ممالک سے بھی سفارشیں آرہی ہیں لیکن کسی صورت ہم کسی کو این آر او نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بے نامی جائیدادیں اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بھیجا گیا پیسہ واپس لا رہے ہیں، ہم نے طاقتور لوگوں کا احتساب شروع کر دیا ہے جو لوگ اربوں کھربوں روپے باہر لیکر گئے ہیں وہ واپس لانے کیلئے متعلقہ ملکوں سے بات چیت شروع کر دی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستانی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے بہت عزت دی ہے اس کے لیے آپ لوگوں کا دل سے بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، میں نے سوچا تھا کسی ہوٹل میں کچھ لوگوں کو بلا کر بات کی جائے گی لیکن اتنی بڑی تعداد میں آپ لوگوں سے بات ہو رہی ہے یہ ایک نئی تاریخ ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کا نعرہ لگانے والے پاکستانیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ 22 سال سے وزیراعظم عمران خان کا نعرہ سنتا آ رہا ہوں لیکن اب میں وزیراعظم بن گیا ہوں آپ کو یقین ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں اللہ کا دیا ہوا یہ ملک بہت بڑی نعمت ہے، پاکستان اب ہر سال آپ کو تبدیل ہوتا ہوا نظر آئے گا، پاکستان ہر سال بہتری سے بہتری کی جانب سفر کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا میں جو ملک آگے گئے وہ میرٹ کی بنیاد پر آگے گئے، جمہوریت میں میرٹ اہم ہوتا ہے اور لیڈر شپ میرٹ کی بنیاد پر ابھرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی میں بہترین میرٹ ہے، جمہوریت میں لیڈر شپ عوام کو جواب دہ ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستان میں بھی میرٹ کا نظام لا رہے ہیں، ہمارا کمزور تعلیمی نظام نچلے طبقے کو اوپر نہیں آنے دیتا، سرکاری تعلیمی اداروں کی حالت بہتر کر رہے ہیں اور ملک میں یکساں نظام تعلیم کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے جاگیردارانہ نظام اور خاندانی سیاست کی حوصلہ شکنی کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عمران خان کا کوئی رشتہ دار یا دوست کسی عہدے پر نہیں ہے، مراد سعید اور حماد اظہر جیسے نوجوان آگے آئے ہیں۔ ریکوڈک منصوبے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ریکوڈیک منصوبہ رکنے کی تحقیقات کے لیے ہدایات دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈیک میں 200 ارب ڈالر کے معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، تھر میں 180 ارب ٹن کوئلہ کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے مگر کرپشن کی وجہ سے غیر ملکی کمپنیاں معدنی ذخائر کو استعمال میں لانے کیلئے نہیں آتیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ میں ملک سے کرپشن ختم کر کے پاکستان کو اوپر اٹھا کر دکھاؤں گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں زندگی میں کسی کے سامنے نہیں جھکا، سوائے اللہ کے، امریکی صدر کے سامنے پاکستانی عوام کا مقدمہ رکھوں گا، قوم کو شرمندہ نہیں کرونگا۔

واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ میں کہتا تھا افغانستان کا حل فوجی نہیں، آج ساری دنیا کہ رہی ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے آپ کا کیس رکھوں گا، عمران خان آپ کو ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے شرمندہ ہونے نہیں دے گا۔ س موقع پر عمران خان نے کرکٹ ٹیم کو بھی ٹھیک کرنے کا اعلان کر دیا، بولے ورلڈ کپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کرکٹ ٹیم کو ٹھیک کروں گا، واشنگٹن کے کیپٹل ون ارینا میں خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا اس ورلڈ کپ میں مایوسی ہوئی اگلے ورلڈ کپ میں پروفیشنل ٹیم لے کر آئیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ مدینہ کی ریاست جدید اصولوں پر بنی تھی، رسول اللہ ﷺ کی شریعت مدینہ کی ریاست تھی، مدینہ کی ریاست دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی، جہاں عدل کانظام تھا۔

عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست میں کمزور کے لیے رحم تھا، یتیموں اور بیواؤں کیلئے وظیفے رکھے گئے، مدینہ کی ریاست میں پیسے والوں سے ٹیکس لیا گیا اور غریبوں پر خرچ ہوا، پیسے والوں سے ٹیکس لینا پہلی بار مدینہ کی ریاست میں ہوا، وہاں خواتین کو بھی حقوق حاصل تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج تک پاکستان میں خواتین کو جائیداد میں حصہ نہیں ملتا، ایسا قانون لارہے ہیں اب خواتین کو جائیداد میں حصہ دینا ہوگا، پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے جہاں دنیا بھر سے لوگ نوکریاں ڈھونڈنے آئیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے بعد پاکستان کا قومی ترانہ پیش کر کے تقریب کا اختتام کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 806253
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے