QR CodeQR Code

بھارت حقیقت کو تسلیم کر لے، سید علی گیلانی

22 Jul 2019 21:07

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین نے کہا کہ اس مسئلہ کیساتھ کروڑوں انسانوں کی زندگیاں وابستہ ہیں، نئی نسل کے مستقبل کا دارومدار ہے، اسکے حل کیلئے قربانیوں کی ایک طویل اور خونین داستان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے بھارت کے وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے بھارت کے اٹوٹ انگ کے غبارے سے خود ہی ہوا نکل گئی۔ انہوں نے کہا کہ حل تنازعات کا نکالا جاتا ہے اور بھارتی حکمرانوں کی طرف سے ریاست جموں کشمیر کو ’’اٹوٹ انگ‘‘ قرار دینے کے باوجود اس کے حل کی باتیں ہورہی ہیں۔؟ انہوں نے کہا کہ جو مسائل حل طلب ہوں، متنازعہ ہوں حل اُن ہی کا نکالا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیر آید درست آید بھارتی حکمران غیر شعوری طور ہی سہی حقائق کو تسلیم کرنے پر مجبور ہورہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے اس بیان کہ ’’ہم خود ہی جموں کشمیر تنازعہ حل کریں گے‘‘ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلہ کے ساتھ کروڑوں انسانوں کی زندگیاں وابستہ ہیں، نئی نسل کے مستقبل کا دارومدار ہے، اس کے حل کے لئے قربانیوں کی ایک طویل اور خونین داستان ہے۔

حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی شاہ گیلانی نے کہا کہ روز روشن کی طرح عیاں اور ہمالیہ جیسی نمایاں حقیقت بھلا طاقت، غرور اور تکبر کے مصنوعی پردوں میں کیسے چھپ سکتی ہے۔؟ انہوں نے کہا کہ دھائیوں کا طویل عرصہ، اس دوران ہر طرف سے اس کے حل کی حمایت میں اٹھنے والی صدائیں اور یہاں کے مکینوں کی بے مثال قربانیاں اس مسئلہ کو زندہ رکھنے کے لئے کافی ہیں۔ انہوں نے وزیر موصوف کی طرف سے مذاکرات کی دعوت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی یہ دیرینہ عادت ہے کہ وہ اپنے جھوٹ کو اتنی بار اور اتنی ڈھٹائی سے دہراتے ہیں کہ سننے والا اس کو سچ سمجھنے پر خود کو مجبور پاتا ہے۔

سید علی شاہ گیلانی نے بھارت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اب اگر آپ بھی ہماری طرح ہی مسئلہ کشمیر کو تسلیم کرتے ہیں، اس کو حل کرنے کی باتیں کرتے ہیں تو بہتری اسی میں ہے کہ اس مسئلہ کو اس کے اپنے تاریخی پسِ منظر کی روشنی میں حل کرنے کی سنجیدہ کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا بھارت نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے، تاکہ برصغیر بھارت و پاک کو ہی نہیں، بلکہ پوری دنیا کو امن و سکون میسر ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے خود بھارت اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرکے اپنے غریب عوام کی زندگی بہتر بنانے پر اپنی توجہ مرکوز کرسکیں۔


خبر کا کوڈ: 806377

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806377/بھارت-حقیقت-کو-تسلیم-کر-لے-سید-علی-گیلانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org