0
Monday 22 Jul 2019 21:37

بقاء انسانیت کیلئے کام کرنا اسلام کی اصل روح ہے، مولانا غلام رسول حامی

بقاء انسانیت کیلئے کام کرنا اسلام کی اصل روح ہے، مولانا غلام رسول حامی
اسلام ٹائمز۔ مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ دور حاضر میں مسلمانوں کی زبوں حالی کی بنیادی وجہ تعلیم سے دوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے اوراق کی جب ورق گردانی کرتے ہیں تو معلوم پڑتا ہے کہ مسلمانوں نے جس طرح سے پوری دنیا پر اپنی سلطنت قائم کی تھی اور اپنی تحقیقی صلاحیت سے نئے ایجادات سامنے رکھے تھے اُس کو دیکھتے ہوئے صہیونی طاقتیں صف آرا ہوئی اور ایک منظم پروگرام کے تحت مسلمانوں کو اسے دور کرنے میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نتیجے میں آج پوری دنیا میں مسلمان تکلیف دہ حالات سے گذر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی صدی میں ضرورت ہے کہ ہم اسلاف کے مشن کو اُسی طریقے سے آگے بڑھائیں جس طریقے سے ماضی میں اسلامی میراث اور مشن کو ہمارے اسلاف نے اوائل دور سے آگے بڑھایا۔ شاہ جیلان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں و کشمیر کاروانِ اسلامی کے سربراہ غلام رسول حامی نے جہاں عالمی سطح پر مسلمانوں کو درپیش مشکلات کا ذِکر کیا وہیں کشمیر کے اندر موجودہ حالات پر افسوس کا اظہار کیا۔

مولانا غلام رسول حامی نے کہا کہ نوجوان آج اسلامی تصور اور تشخص کو یکسر نذر انداز کرکے اسلامی شعائر سے محروم ہو رہے ہیں وہاں سے انہیں باہر نکالنا نہ صرف علماء کا کام ہے بلکہ من حیث القوم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروان اسلامی اسوہ حسنہ اور اولیاء کاملین کے مشن کی آبیاری کرتے ہوئے اپنے بنیادی اصولوں پر کام کر رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ تنظیم کی جانب سے ہزاروں درسگاہیں، درجنوں دارالعلوم اور یونیورسیٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے تاکہ نوجوان نسل کو اسوہ حسنہ اور اولیاء کرام کی تعلیمات سے روشناس کرایا جاسکے۔

فرقہ وارانہ فسادات پر بات کرتے ہوئے غلام رسول حامی نے کہا کہ ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں مسلمانوں کو مختلف بہانے بناکر غیض و غضب کا شکار بنایا جارہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں اسلام بھائی چارے، محبت اور اخوت کا درس دیتا ہے لیکن اسلام کو دوسرے طریقے سے پیش کرکے دہشتگردی کے ساتھ جوڑا جارہا ہے، جو کہ حقیقت سے بعید ہے۔ کشمیر مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک مسلم مسئلہ ہے جو کئی دہائیوں سے تین فریقوں کے درمیان اٹکا ہوا ہے۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اس مسئلے کے پائیدار حل کے لئے مثبت پہل کریں تاکہ ریاست کے لوگ کھلی سانس لے سکیں۔
خبر کا کوڈ : 806381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش