0
Monday 22 Jul 2019 18:56

سربراہ پاک بحریہ کا دورہ عرب امارات، کمانڈر یو اے ای نیول فورسز و دیگر عسکری حکام سے ملاقات

سربراہ پاک بحریہ کا دورہ عرب امارات، کمانڈر یو اے ای نیول فورسز و دیگر عسکری حکام سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ پاکستانی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران نیول چیف نے دبئی میں کمانڈر یو اے ای نیول فورسز، چیف آف اسٹاف یو اے ای آرمڈ فورسز اور یو اے ای کے ڈیفنس انڈر سیکرٹری سے ملاقاتیں کیں اور ابوظہبی میں شپ بلڈنگ یارڈ، نیول فورسز انسٹیٹیوٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا۔ دبئی میں نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر کمانڈر یو اے ای نیول فورسز رئیر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نحیان نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ریئر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نحیان نے دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین مختلف شعبوں میں اشتراک پر اتفاق کا اظہار کیا۔

نیول چیف نے خطے میں ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے اقدام اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز میں شمولیت کے تحت بحری امن و استحکام کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی میں منعقدہ کثیرالقومی بحری مشق امن 19 میں یو اے ا ی نیوی کی شرکت پر رئیر ایڈمرل سعید بن حمدان ال نحیان کا شکریہ ادا کیا۔ کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے عزم و کردار اور مشق امن 19-کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے چیف آف اسٹاف یو اے ای آرمڈ فورسز اسٹاف لیفٹنٹ جنرل حماد محمد تھانی ال رومیتی اور منسٹری آف ڈیفنس کے انڈر سیکرٹری مہاتر سلیم علی ال داہری سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور اور دفاعی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں نیول چیف نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

ابو ظہبی کے دورے کے دوران نیول چیف نے ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ کا دورہ کیا۔ ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ آمد پر ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا شپ یارڈ کے سربراہ نے پُرتپاک استقبال کیا اور شپ یارڈ پر موجود کنسٹرکشن کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نیول چیف نے شپ یارڈ کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور ابوظہبی شپ بلڈنگ یارڈ پر ہونے والے کام کے معیار کی تعریف کی۔ بعد ازاں چیف آف دی نیول اسٹاف نے نیول فورسز یونٹ اور گن ٹاﺅٹ نیول بیس کا دورہ کیا اور سربراہان سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی اشتراک سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ واضح رہے کہ یو اے ای نیول فورسز کے سینئر افسران کی ایک کثیر تعداد پاکستان سے تربیت حاصل کر چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 806404
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش