0
Monday 22 Jul 2019 21:03

فلسطینیوں کے گھروں کے انہدام پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، جلال حیدر

فلسطینیوں کے گھروں کے انہدام پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے، جلال حیدر
اسلام ٹائمز۔ غاصب صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینی عوام کے گھروں کو منہدم کرنے پر عالمی برادری کی خاموشی صیہونی مظالم میں اضافہ کا سبب بن رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان آئی ایس او پاکستان جلال حیدر نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلال حیدر نے مزید کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں فلسطینیوں کو گھروں اور مکانات سے نکال کر ایک سو سے زائد گھروں کو منہدم کر دیا گیا ہے، لیکن اقوام متحدہ سمیت تمام انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے مگر مظلوم فلسطینیوں پر زندگی کو تنگ کیا جا رہا ہے، امت مسلمہ کو اس ظلم پر صدائے احتجاج بلند کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا غاصب صیہونی طاقت اسرائیل ان علاقوں میں فلسطینیوں کے گھروں کو تباہ کرکے یہاں یہودیوں کو آباد کرنا چاہتا ہے تاکہ صیہونی ریاست کو مضبوط کیا جا سکے۔ جس میں وہ ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ جلال حیدر نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو گھروں سے نکلنے کا موقع بھی نہیں دیا اور بلڈوزر گھروں پر چڑھا دیئے، مظلوم فلسطینی اپنی آنکھوں کے سامنے گھروں کو ملبے کا ڈھیر بنتا دیکھتے رہے اور سوائے آنسو بہانے اور احتجاج کے سوا کچھ نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کی جاری بربریت اور فلسطینیوں پر زندگی تنگ کرنے کے واقعات میں اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے اور انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 806449
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش