0
Monday 22 Jul 2019 21:22

بنوں، ڈسٹرکٹ کونسل کے ارکان کا سرکاری دفتر پر حملہ اور توڑ پھوڑ

بنوں، ڈسٹرکٹ کونسل کے ارکان کا سرکاری دفتر پر حملہ اور توڑ پھوڑ
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضع بنوں میں ڈسٹرکٹ کونسل کے ارکان نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (اے ڈی) لوکل گورنمنٹ پر رشوت کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے دفتر پر حملہ کر دیا اور توڑ پھوڑ کی، جبکہ اے ڈی موجود نہ ہونے کے باعث محفوظ رہے۔ ضلع کونسل بنوں کے ارکان نے 4 سال سے ترقیاتی فنڈ نہ ملنے کے خلاف مظاہرہ کیا اور احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے ارکان اے ڈی لوکل گورنمنٹ کے دفتر گئے تو وہ موجود نہیں تھے، جس پر ارکان ضلع کونسل نے مشتعل ہو کر ان کے دفتر پر ہلہ بول دیا اور کرسیاں، میز، دروازے، شیشے اور دیگر سامان توڑ دیا۔ ضلع کونسل کے ارکان کا کہنا ہے 4 سالوں میں 5 ارب روپے کے بجٹ منظور ہوئے مگر ابھی تک انہیں صرف ایک ہی فنڈ مل سکا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اے ڈی لوکل گورنمنٹ 3 فیصد کمیشن کا مطالبہ کرتے ہیں اور کمیشن نہ ملنے پر ٹینڈرز منسوخ کر دیتے ہیں، جس کی وجہ سے ہمارے 4 سال کا فنڈ ضائع ہوگیا ہے۔ ضلع کونسل کے ارکان نے کہا کہ عوام نے ہمیں علاقے کی ترقی کیلئے منتخب کیا ہے مگر ہمیں 4 سالوں میں صرف ایک ہی فنڈ دیا گیا، اس لئے ہم انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر ارکان ضلع کونسل نے ڈپٹی کمشنر بنوں عطاء الرحمٰن سے بھی ملاقات کی اور انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے انہیں یقین دلایا کہ ٹینڈرز دوبارہ کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 806450
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش