0
Monday 22 Jul 2019 22:58

گلگت، مشیر اطلاعات کی زیر صدارت پریس فاؤنڈیشن کا اجلاس، سفارشات کا جائزہ

گلگت، مشیر اطلاعات کی زیر صدارت پریس فاؤنڈیشن کا اجلاس، سفارشات کا جائزہ
اسلام ٹائمز۔ مشیر اطلاعات جی بی شمس میر کی زیر صدارت پریس کلب گلگت میں پریس فاؤنڈیشن کا اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری اطلاعات فدا حسین، ڈپٹی سیکرٹری لاء راجہ شاہد زمان، ڈپٹی سیکرٹری فنانس ذاکر، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن فاروق احمد، صدر پریس کلب خورشید احمد، یونین آف جرنلسٹس کے صدر خالد حسین اور دیگر سینئر صحافی شریک ہوئے۔ اجلاس میں پریس فاؤنڈیشن کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ صحافیوں نے اپنے تحفظات اور تجاویز دیں، جس کو ڈرافٹ کا حصہ بنایا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بدھ کے روز ڈپٹی سیکرٹری لاء کے آفس میں پریس فاؤنڈیشن کے رولز اور قواعد و ضوابط کو حتمی شکل دی جائے گی، جس میں جی بی کے تمام صحافیوں کو کارڈ جاری کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر کارڈ ایک سال کیلئے جاری ہوگا، جس کی فیس 15 سو روپے ہوگی یہ رقم پریس فاؤنڈیشن کے ویلفیئر فنڈ میں جمع ہوگی، حکومت سالانہ فاؤنڈیشن کو ایک مخصوص رقم گرانٹ کی شکل میں بھی دے گی۔

پریس فاؤنڈیشن کے ممبر صحافیوں کی انشورنس ہو گی۔ حکومت ان صحافیوں کو کارڈ جاری کرے گی جو ایڈیٹر، سب ایڈیٹر اور فوٹوگرافر اور رپورٹر ہوں گے۔ جی بی کے تمام اخبارات کے اشتہارات کا ایک فیصد حصہ پریس فاؤنڈیشن کے ویلفیئر فنڈ میں جمع کیا جائے گا جو صحافیوں کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوگا، اگر کوئی صحافی بیمار ہو تو ان کا علاج اور صحافیوں کے بچوں کی شادیوں پر امداد کی جائے گی، صحافیوں کے پڑھنے والے بچوں کو سٹوڈنٹ سکالرشپ دی جائے گی، کسی صحافی کی فوتگی کی صورت میں ان کے ورثاء کیلئے فوری امداد دی جائے گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر اطلاعات شمس میر نے کہا کہ ان سفارشات کو کابینہ سے منظور کر کے فوری طور پر لاگو کیا جائے گا۔ پریس فاؤنڈیشن فعال ہونے سے صحافیوں کے تمام مسائل حل ہوں گے۔ حکومت صحافت کی ترقی اور صحافیوں کے مسائل کے حل میں مکمل طور پر سنجیدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 806456
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش