QR CodeQR Code

اسرائیل کیجانب سے فلسطینیوں کیخلاف نئی مہم کا آغاز، جنوبی "قدس" میں دسیوں فلسطینی گھر مسمار

22 Jul 2019 23:53

فلسطینیوں کی طرف سے اپنے حقوق کے حصول اور فلسطینی شہر "قدس" کے نواحی علاقے "وادی الحمص" کا محاصرہ چھڑوانے کیلئے مسلسل مظاہروں کے جواب میں غاصب صیہونی رژیم نے رات کی تاریکی میں بڑے پیمانے پر فلسطینی گھروں کو مسمار کرنیکی نئی مہم کا آغاز کر دیا۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینیوں کی طرف سے اپنے حقوق کے حصول اور فلسطینی شہر "قدس" کے نواحی علاقے "وادی الحمص" کا محاصرہ چھڑوانے کے لئے مسلسل مظاہروں کے جواب میں غاصب صیہونی رژیم نے رات کی تاریکی میں بڑے پیمانے پر فلسطینی گھروں کو مسمار کرنے کی نئی مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس میں اب تک فلسطینی شہر "قدس" کے جنوب میں واقع گاؤں "صور باھر" میں واقع 6 فلسطینی گھروں سمیت بہت سی عمارات کو مسمار کر دیا گیا ہے۔ غاصب صیہونی رژیم کی اس نئی مہم کا مقصد "وادی الحمص" میں واقع 70 فلسطینی گھروں کو مسمار کرکے ان میں رہائش پذیر 100 سے زائد فلسطینی خاندانوں کو بےگھر کرنا ہے جبکہ یہ علاقہ آزاد فلسطینی حکومت کے زیر کنٹرول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نئی اسرائیلی مہم کا آغاز اسرائیلی عدالت کے حکم سے کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج تعینات کر دی گئی ہ،ے جس نے پورے علاقے کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے۔

"وادی الحمص" کی رہائشی کمیٹی کے سربراہ "حمادہ الحمادہ" نے خبرنگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ محلے کی 16 دوسری بلند و بالا عمارتوں کو بھی خطرہ لاحق ہے، جن میں سے بعض کی تعمیر ابھی مکمل بھی نہیں ہوئی، جبکہ بعض دوسری عمارتوں میں تقریباً 100 سے زائد اپارٹمنٹس ہیں، جن میں فلسطینی خاندان رہائش پذیر ہیں جبکہ مذکورہ عمارتیں فلسطین کے A زون میں شامل ہیں، جو فلسطینی آزاد حکومت کے زیر کنٹرول ہے اور خود فلسطینی حکومت نے ہی ان عمارتوں کی تعمیر کا لائسنس جاری کر رکھا ہے، لیکن غاصب صیہونی رژیم ان عمارتوں کے اسرائیلی سرحدی دیوار سے نزدیک ہونے کے بہانے انہیں مسمار کرنے پر مُصر ہے۔


فلسطینی شہر "قدس" کے میئر "عدنان الغیث" نے کہا ہے کہ فلسطینی شہر قدس کے نواحی قصبے "وادی الحمص" میں صیہونیوں کی طرف سے فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری حقیقی معنوں میں ایک جنگی جرم ہے جبکہ غاصب صیہونی ان عمارتوں کو اسرائیلی سرحد سے نزدیک ہونے کے بہانے مسمار کر رہے ہیں۔

دوسری طرف آزاد فلسطینی حکومت کی وزارت خارجہ نے فلسطینی گھروں کی مسماری کے لئے سرحد کے اس پار سے غاصب اسرائیلی فوجیوں کے "وادی الحمص" پر چڑھائی کرنے اور فلسطینی گھروں کی مسماری پر مشتمل غاصب صیہونی عدالت کے حکم کی شدید مذمت کی ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ بین الاقوامی برادری، اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں اور دوسرے ممالک کے ساتھ اپنی سفارتکاری جاری رکھے گی، تاکہ وہ اسرائیل پر اس ظالمانہ فیصلے پر عملدرآمد روکنے کے لئے اپنا دباؤ ڈالیں۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اس مسئلے کو بین الاقوامی عدالت میں اٹھائے گی، تاکہ فلسطینی گھروں کی مسماری سمیت نسل پرستی پر مبنی تمامتر اسرائیلی اقدامات کو منظر عام پر لایا جا سکے۔

واضح رہے کہ فلسطینی شہروں کے ساتھ ساتھ غاصب صیہونی رژیم کی طرف سے تعمیر کی گئی یہ سرحدی دیوار کنکریٹ کے بلاکس کے علاوہ ایک سڑک اور خاردار باڑ پر بھی مشتمل ہے، جس کے درمیان اسرائیلی فوجی ٹیمیں گشت کرتی رہتی ہیں جبکہ صیہونی رژیم اس سرحد سے نزدیک ہونے کے بہانے وقتاً فوقتاً سرحد کے اُس پار فلسطینیوں کے گھروں کو مسمار کرتی رہتی ہے۔ فلسطینی گھروں کی مسماری کی تازہ ترین اسرائیلی مہم ایک اسرائیلی عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک حکم کے بعد شروع ہوئی، جس میں جوابی عدالتی کارروائی کے لئے "وادی الحمص" کے رہائشیوں کو 18 جولائی تک مہلت دی تھی جبکہ وادی الحمص کے رہائشیوں کی طرف سے عدالت میں رجوع کرنے پر اسرائیلی عدالت نے ان کی درخواست رد کرتے ہوئے گھروں کی مسماری کے حکم پر عملدرآمد شروع کروا دیا۔

اہالیان "وادی الحمص" کی رہائشی کمیٹی کے رکن "محمد ابوطیر" کا کہنا تھا کہ اسرائیلی عدالت میں رجوع کرنے پر مقررہ مہلت سے قبل ہی "وادی الحمص" کے رہائشیوں کی درخواست رد کر دی گئی اور ہمیں اطلاع دی گئی کہ فلسطینی گھروں کی مسماری پر مشتمل صیہونی عدالت کے حکم پر جلد ہی عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ غاصب صیہونی رژیم نے اپنی سرحد کے اُس پار واقع فلسطینی شہر قدس کے اس نواحی علاقے میں آدھے سے زیادہ رقبے میں تعمیرات پر پابندی لگا رکھی ہے جبکہ یہ علاقہ فلسطین کے A زون میں شامل ہے، جس پر آزاد فلسطینی حکومت کا پورا کنٹرول تسلیم کیا گیا ہے اور فلسطینی حکومت نے ہی ان عمارتوں کو تعمیر کرنے کا لائسنس بھی جاری کر رکھا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی شہری اپنے گھروں اور دکانوں کی مسماری کے خطرے سے دوچار ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق صرف اسی ایک شہر میں 2004ء سے لیکر 2018ء تک 803 گھروں کو مسمار کر دیا گیا ہے جبکہ اس علاقے میں کل 20 ہزار فلسطینی گھر موجود ہیں۔


خبر کا کوڈ: 806460

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806460/اسرائیل-کیجانب-سے-فلسطینیوں-کیخلاف-نئی-مہم-کا-آغاز-جنوبی-قدس-میں-دسیوں-فلسطینی-گھر-مسمار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org