0
Tuesday 23 Jul 2019 15:51

پیلٹ گن پر پابندی کی عرضی پر 6 ہفتوں میں فیصلہ کیا جائے، عدالت عظمٰی

پیلٹ گن پر پابندی کی عرضی پر 6 ہفتوں میں فیصلہ کیا جائے، عدالت عظمٰی
اسلام ٹائمز۔ بھارتی سپریم کورٹ نے مقبوضہ کشمیر کے ہائیکورٹ سے کہا ہے کہ وہ گلی کوچوں میں احتجاج روکنے کے لئے استعمال کئے جانے پیلٹ بندوق پر پابندی کے مطالبے کے لئے دائر عرضی پر 6 ہفتوں کے اندر اندر فیصلہ کرے۔ چیف جسٹس رنجن گگوئی کی سربراہی والے ڈویژن بنچ نے ریاستی ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل کے 4 جولائی کے مکتوب کا نوٹس لیا جس میں کہا گیا ہے کہ معاملہ منگل کو سماعت کیلئے مقرر ہے۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی طرف سے ہائیکورٹ میں 2016ء میں مفاد عامہ کی ایک عرضی دائر کی گئی تھی جس کے ذریعے پیلٹ گن کے استعمال پر پابندی کی اپیل کی گئی تھی۔ بار نے اپنی عرضی میں مزید کہا تھا کہ جن پولیس آفیسروں نے پیلٹ گن کے استعمال کی اجازت دی تھی ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے کیونکہ پیلٹ گن سے بڑے پیمانے پر شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بار ایسوسی ایشن کی عرضی کو 22 ستمبر کو ہائی کورٹ نے خارج کردی جس کے بعد بار نے سپریم کورٹ سے درخواست کی تھی کہ وہ ریاستی ہائی کورٹ کے نام اس بارے میں ہدایات دیں۔ ہائی کورٹ کے رجسٹرار نے معاملہ کی سماعت کو لیکر سپریم کورٹ کے نام مکتوب روانہ کیا تھا۔ سپریم کورٹ بنچ نے ہائی کورٹ سے استدعا کی ہے کہ اس معاملے پر 6 ہفتوں کے اندر اندر فیصلہ لیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 806563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش