0
Tuesday 23 Jul 2019 14:45

بلاول بھٹو کا تحفظات کے باوجود پاکستان کے وسیعتر مفاد میں حکومت کی حمایت کا اعلان

بلاول بھٹو کا تحفظات کے باوجود پاکستان کے وسیعتر مفاد میں حکومت کی حمایت کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی مفاد میں حکومت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا، اپنے ٹوئٹر پیغام میں بلاول بھٹو  نے کہا ہے کہ دنیا کے ساتھ ملکر کام کرنے کی کوششوں کا ساتھ دینا چاہیئے، ہمیشہ قومی مفادات پر تعاون کریں گے، جہاں ضرورت ہوگی مثبت تنقید جاری رکھیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے غیر جمہوری رویئے اور اقتصادی پالیسیوں پر تحفظات ہیں، واشنگٹن جلسے میں عمران خان کا رویہ ملکی سربراہ جیسا نہیں تھا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قومی مفاد کے لئے حکومت کی غیرمشروط حمایت کا اعلان کردیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے ٹوئٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیراعظم، ان کی غیر جمہوری پالیسی اور معیشت کے لئے انتہائی مہلک پالیسیوں پر کئی تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ بیرون ملک ان کا طرزِ عمل خاص طور پر جلسے میں ان کا رویہ وزیراعظم کے عہدے کے منافی تھا، جہاں انہیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) نہیں بلکہ پاکستان کی نمائندگی کرنی چاہیئے تھی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملکی مفاد کے لئے ضروری ہے کہ دنیا کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کریں۔ چیئرمن پیپلزپارٹی نے کہا کہ لہٰذا میں حکومت کی کوششوں کی غیر مشروط حمایت کرتا ہوں، تاہم جہاں ضرورت ہوگی میں ہمیشہ مثبت تنقید کروں گا، لیکن سب سے پہلے پاکستان کا ساتھ دوں گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کے دورے کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی، جس میں امریکی صدر نے بھارت کے ساتھ کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔

میڈیا سے گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ افغانستان سے واپسی کے لئے امریکا، پاکستان کے ساتھ کام کر رہا ہے اور امریکا خطے میں پولیس مین بننا نہیں چاہتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت افغانستان میں ہماری بڑی مدد کر رہا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا، پاکستان میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے اور تجارت کے وسیع مواقع ہیں اور تجارت کو 10 سے 12 گنا بڑھا سکتے ہیں۔ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے واشنگٹن کے کیپیٹل ون ایرینا میں پاکستانی برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ این آر او کے لئے دوسرے ملکوں سے سفارشیں آ رہی ہیں، تاہم کسی صورت کسی کرپٹ حکمرانوں کو این آر او نہیں دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے اداروں کو آزاد کیا، کسی کے اوپر ہم نے کیس نہیں بنایا، جب کرپشن کے بارے میں سوال کیا جاتا ہے تو انتقامی کارروائی کا رونا رویا جاتا ہے، عدالتی فیصلہ آتا ہے تو کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا، پاکستان میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ سب نیا پاکستان بن رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 806577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش