0
Tuesday 23 Jul 2019 16:54

اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی (ف) کے جلسے میں شرکت سے معذرت کر لی

اپوزیشن جماعتوں نے جے یو آئی (ف) کے جلسے میں شرکت سے معذرت کر لی
اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن اتحاد میں شامل سیاسی جماعتوں نے 25 جولائی کو پشاور میں ملین مارچ کے نام پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے جلسے میں شرکت کرنے سے معذرت کر لی ہے، جس کے باعث ایک ہی دن پشاور میں 2 جلسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام پشاور میں ملین مارچ 14 جولائی کو ہونا تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں نے عام انتخابات کے انعقاد کے روز 25 جولائی کو مشترکہ طور پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا، جس پر جے یو آئی (ف) نے بھی اپنے ملین مارچ کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے 25 جولائی کو مشترکہ جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا، لیکن اب اپوزیشن میں شامل جماعتوں نے ملین مارچ کے نام پر منعقدہ جلسے میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔ اپوزیشن کے انکار کے بعد اب 25 جولائی کو ایک ہی دن پشاور میں 2 الگ الگ جلسے ہوں گے۔ دن 11 بجے موٹر وے کے قریب اپوزیشن کا مشترکہ جلسہ یوم سیاہ کے سلسلے میں منعقد ہوگا، جس سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بھی خطاب کا امکان ہے، تاہم ان کی عدم شرکت کی صورت میں احسن اقبال اور خواجہ آصف مذکورہ جلسے سے خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان، قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاﺅ، پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور رضا ربانی کے علاوہ دیگر قائدین جلسے میں شرکت کریں گے، جبکہ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی جلسہ میں شریک ہوں گے۔ جے یو آئی (ف) ملین مارچ کے سلسلے میں اپنا الگ جلسہ سہ پہر 3 بجے دلہ زاک چوک رنگ روڈ پر منعقد کرے گی جس سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور پارٹی کے دیگر رہنما خطاب کریں گے۔ جے یو آئی (ف) کے ذرائع نے اس بارے میں بتایا کہ ایک ہی دن میں دو الگ جلسے منعقد کرنا انتہائی مشکل اور سخت ترین فیصلہ ہے، تاہم یہ فیصلہ اس وجہ سے لیا گیا کہ اپوزیشن میں شامل جماعتوں کے قائدین نے ملین مارچ کے نام پر منعقد ہونے والے جلسے میں شریک ہونے سے انکار کر دیا تھا اور ان کا مطالبہ تھا کہ یوم سیاہ کے سلسلے میں الگ جلسہ کیا جائے جس کی وجہ سے 2 جلسوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 806590
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش