0
Tuesday 23 Jul 2019 19:29
امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے

پاکستان میں وائٹ ہاؤس نہیں اللہ کا حکم چلے گا، صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان میں وائٹ ہاؤس نہیں اللہ کا حکم چلے گا، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے سخت مایوس کیا ہے۔ پاک سر زمین پر امریکی ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے۔ پاکستان میں وائٹ ہاوس نہیں اللہ کا حکم چلے گا، ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی نے اقتصادیات سے اخلاقیات تک سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں خودکش دھماکہ خیبر پختونخواہ حکومت کی ناکامی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول اداروں کی نااہلی کی وجہ سے دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ سول اداروں نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کیا ہے، امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے، حکمران واشنگٹن کی بجائے مکہ اور مدینہ کو اپنی عقیدتوں کا مرکز بنائیں۔

جماعت اہلسنت کے وفد سے گفتگو میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کا انعقاد پاک فوج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے، پاک فوج نے قربانیاں دے کر قبائلی علاقوں میں حکومت کی رٹ اور امن بحال کیا ہے، قبائلی اضلاع میں فوج کی کوششوں سے بلٹ کی جگہ بیلٹ نے لے لی ہے، ملک میں بڑھتا سیاسی انتشار خطرے کی گھنٹی ہے، عوام کی بےچینی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے“ نیشنل ایجنڈا“ تیار کریں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت اپنی بے تدبیری سے سیاسی عدم استحکام پیدا کر رہی ہے، مہنگائی کے طوفان نے غریبوں کے چولہے بجھا دیئے ہیں، مسائل کی آگ میں جلتی عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، نااہل حکومت کا پہلا سال ناکامیوں کا سال ثابت ہوا ہے، پی ٹی آئی نے اقتدار کے پہلے سال میں کوئی انتخابی وعدہ پورا نہیں کیا، عمران خان پچھلے بائیس سالوں سے ایک ہی تقریر دہرا رہا ہے۔ عوام کو بھاشن نہیں راشن کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 806619
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش