سابق فوجی مارک ایسپر امریکہ کے سیکریٹری دفاع مقرر
24 Jul 2019 01:52
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کو مشرق وسطیٰ اور افغانستان کے حوالے سے پالیسیوں میں اختلاف پر عہدے سے برطرف کردیا تھا اور اس کے بعد سے 7ماہ تک کسی بھی عہدیدار کو مستقل بنیادوں پر یہ ذمے داری نہیں سونپی گئی۔
اسلام ٹائمز۔ امریکی سینیٹ نے سابق فوجی مارک ایسپر کو سیکریٹری دفاع مقرر کرنے کی تصدیق کردی ہے، جس کے ساتھ ہی پنٹاگون کو 7ماہ کے طویل وقفے کے بعد نیا سربراہ مل گیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کو مشرق وسطیٰ اور افغانستان کے حوالے سے پالیسیوں میں اختلاف پر عہدے سے برطرف کردیا تھا اور اس کے بعد سے 7ماہ تک کسی بھی عہدیدار کو مستقل بنیادوں پر یہ ذمے داری نہیں سونپی گئی۔ یہ پنٹاگون کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ اتنے طویل عرصے تک کوئی بھی شخص سیکریٹری دفاع کی ذمے داریاں مستقل بنیادوں پر نبھانے کے لیے موجود نہ تھا، جہاں اس دوران امریکا کو ایران سے تناؤ اور افغانستان سے انخلا میں مشکلات جیسے مسائل کا سامنا رہا۔ مارک ایسپر کو واضح اکثریت کے ساتھ سیکریٹری دفاع بنانے کی منظوری دی گئی، جہاں ان کے حق میں 90 اور صرف 8 ووٹ ان کے خلاف آئے۔ پنٹاگون کے مطابق وہ منگل کو اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ تقرری ایک ایسے موقع پر کی گئی ہے جب وزیر اعظم پاکستان عمران خان تین روزہ دورے پر امریکا میں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ: 806686