0
Wednesday 24 Jul 2019 08:37

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ لڑی، عمران خان

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ لڑی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کیپیٹل ہل میں پاکستان کاکس کے امریکی کانگریس اراکین سے ملاقات کی. وزیراعظم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ لڑی اور ناقابل تلافی نقصان اٹھایا، دونوں‌ ممالک کے مابین نائن الیون کے بعد غلط فہمیاں پیدا ہوئیں۔ وزیراعظم عمران خان جب کیپٹل ہل پہنچے تو امریکی ہاوس آف ریپریزنٹیٹو کی سپیکر نینسی پلوسی سمیت کانگریس اراکین نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ نینسی پلوسی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو کیپٹل ہل آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات انتہائی اہم ہیں، پاکستانی امریکا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کے خلاف پاکستان کا بھرپور تعاون حاصل ہے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ دورہ امریکا کے بعد تعلقات سچائی اور بھروسے پر مبنی ہوں گے، یہاں آنے کا مقصد یہ ہے کہ امریکی پاکستان کو سمجھیں۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف امریکی جنگ لڑی جس میں پاکستان کا ناقابل تلافی نقصان ہوا۔ پاکستان نے امریکا کی جنگ میں ہزاروں قربانیاں دیں لیکن امریکا نے ہمیشہ پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کیا، اس کی وجہ امریکا میں پاکستان سے متعلق غلط فہمی پائی جاتی تھی۔ واشنگٹن سے برابری اور باہمی احترام کی سطح پر تعلقات چاہتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے امریکا کو زمینی حقائق سے متعلق درست آگاہ نہیں کیا، میں نے صدر ٹرمپ کو خطے کی حقیقی صورتحال سے آگاہی دی ہے، ٹرمپ پر واضح کر دیا تعلقات بھروسے اور برابری کی سطح پر ہوں گے، پاکستان اور امریکا کا مشترکہ مقصد خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔
خبر کا کوڈ : 806707
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش