0
Thursday 25 Jul 2019 00:26

عمران خان پاکستان کے گورباچوف ثابت ہونگے، احسن اقبال

عمران خان پاکستان کے گورباچوف ثابت ہونگے، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان روسی رہنماء میخائیل گورباچوف ثابت ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ میخائیل گورباچوف سویت یونین کے آٹھویں اور آخری رہنما تھے، جن کے دور میں سویت یونین میں ریاستوں نے علیحدگی اختیار کی اور بعد ازاں گورباچوف ازخود جلاوطن ہوگئے تھے۔ احسن اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے (ن) لیگ کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں بھی راستوں پر پانی ڈال کر جلسے کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔ احسن اقبال نے واضح کیا کہ اپوزیشن پہلے ہی 25 جولائی کو یوم سیاہ کا اعلان کرچکی ہے، کیونکہ 25 جولائی کو ہی پاکستان کا اصل مینڈیٹ چرایا گیا۔

ملک کی معاشی سرگرمیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کی دھاندلی کے نتیجے میں پاکستان میں سب سے زیادہ بےروزگاری پیدا ہوئی اور آج ہر شہری مہنگائی سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کے لیے گھر کے اخراجات چلانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات گراوٹ سے دوچار ہے۔ انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے، تاجر ہڑتال کرنے پر مجبور ہیں اور ٹیکس ریونیو 6 سو ارب روپے سے کم ہوگئے ہیں۔ احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ مینوفیکچرنگ 3 فیصد سے گر چکی ہے اور آٹو موبائل سیکٹر میں ڈیڑھ لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ مسلم لیگ کے سینیئر رہنما کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان واشنگٹن میں کھڑے ہوکر کہتے ہیں نواز شریف کا ٹی وی اور ایئر کنڈیشنز بند کروں گا۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرمایہ کار کا اعتماد مٹی میں ملا دیا اور تحریک انصاف کی پالیسی کے نتیجے میں سی پیک منصوبے عملاً مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ ریلوے کے لیے صرف 16 ارب روپے مختص کیے جبکہ ایم ایل ون 6 سے 8 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہمارے دور اقتدار میں 100 سے زیادہ جلسے کیے اور 4 ماہ تک اسلام آباد لاک ڈاٶن کیے رکھا، لیکن آج پیمرا نے مسلم لیگ (ن) کی کوریج پر پابندی لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف فوبیا میں ملک تباہ کر دیا جبکہ ہمارے پاس 2025ء کا ویژن تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف کی عزت کرتا ہوں، لیکن ان سے کہوں گا کہ جب ریاستی ادارے یہ کہیں گے کہ وہ حکومت کی معاشی پالیسی کی حمایت کرتے ہیں تو اس کے نتائج درست نہیں ہوسکتے، اس سے نقصان کا اندیشہ بڑھ جاتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 806870
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش