0
Thursday 25 Jul 2019 18:58

مدارس کے دینی نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، شفقت محمود

مدارس کے دینی نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، شفقت محمود
اسلام ٹائمز۔ مدارس کی رجسٹریشن کیلئے 12 سینٹر پورے ملک میں کھولے جائیں گے، مدارس کے مسائل کا حل وزارت تعلیم مقامی انتظامیہ کیساتھ مل کر کرے گی، مدارس کے دینی نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، مدارس کی آزادی، خود مختاری قائم رہے گی۔ یہ بات وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر اشرفی سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف مدارس نہیں پورے تعلیمی نظام میں اصلاحات لا رہی ہے، ایک قوم ایک تعلیم ہمارا ہدف ہے، قومی نصاب تعلیم کی کمیٹی میں مدارس کے نمائندے شامل ہیں، مدارس کی مشکلات کو ختم کرنا چاہتے ہیں، مدارس کے طلباء کیلئے ہر سطح پر احساس اور احترام پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن بنک اکائونٹ اور دیگر امور پر معاہدہ ہو چکا ہے، وزارت تعلیم ملک بھر 12 سینٹر کھولے گی جو مقامی انتظامیہ اور مدارس کے ساتھ رابطے میں ہوں گے تا کہ مدارس کی مشکلات ختم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے موجودہ امتحانی بورڈز کیساتھ جو مدارس منسلک نہیں ان کی رجسٹریشن کیلئے بھی پالیسی بنائی جائے گی۔ پاکستان علماء کونسل کے صدر حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ مدارس عربیہ مدارس کی رجسٹریشن وفاقی وزارت تعلیم کیساتھ منسلک کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں، مدارس کی مشکلات کے خاتمے کیلئے وفاقی وزارت تعلیم اور حکومت سے ہر سطح پر تعاون کریں گے، مدارس کی آزادی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، مدارس عصری علوم کی تعلیم دے رہے ہیں اور جن مدارس میں عصری علوم کی تعلیم نہیں وہ عصری علوم کی تعلیم دینے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم کو مدارس کی رجسٹریشن کا معاملہ فوری طور پر حل کرنا چاہیے اور پانچ وفاقوں کے علاوہ جن اداروں نے امتحانی بورڈز کیلئے درخواست دے رکھی ہے ان کو فوری امتحانی بورڈز کی حیثیت دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے مسائل حل ہوتے ہیں اور حکومت کو مذاکرات کا راستہ ترک نہیں کرنا چاہیے۔ طاہر اشرفی نے کہا کہ وفاق المساجد و المدارس پاکستان اور پاکستان علماء کونسل ملک سے انتہاء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خاتمے کیلئے ہر سطح پر جدوجہد کر رہے ہیں، مدارس عربیہ اور مساجد کو بین المسالک ہم آہنگی اور بین المذاہب رواداری کیلئے بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 806905
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش