0
Thursday 25 Jul 2019 11:49

اپوزیشن کا یوم سیاہ، پی ٹی آئی کا یوم تشکر

اپوزیشن کا یوم سیاہ، پی ٹی آئی کا یوم تشکر
اسلام ٹائمز۔ عام انتخابات 2018ء میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج 25 جولائی کو اپوزیشن ملک بھر میں یوم سیاہ منا رہی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے آج وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں سمیت قبائلی اضلاع اور ملک کے بڑے شہروں میں 9 اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ مظاہرے ہوں گے، اس سلسلے میں سب سے بڑا مظاہرہ پشاور میں ہوگا۔ اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں بھی مشترکہ احتجاجی مظاہرے ہوں گے اور احتجاجی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ ان مظاہروں سے شہباز شریف، راجہ ظفر الحق، بلاول بھٹو زرداری، راجہ پرویز اشرف، یوسف رضاگیلانی، مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر جماعتوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ بڑے شہروں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی میزبانی میں چیئرنگ کراس چوک میں جلسہ ہوگا۔ کراچی میں مزارقائد سے متصل باغ جناح میں یوم سیاہ کے سلسلے میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو سمیت نواز لیگ اور دیگر جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔

دوسری جانب حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے آج یوم تشکر کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منائے گی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف یوم تشکر منائے گی، 25 جولائی کے انتخابات میں پاکستان کے عوام کی امنگیں اور عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی، عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے۔ معاون خصوصی نے کہا آج ان عناصر کی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی، عوام کو غریب کرکے اپنے محل تعمیر کئے، سیاست کو لوٹ مار کیلئے استعمال کرنے والے سیاسی عبرت کا نشان بن رہے ہیں، قوم ان کی موروثی غلامی مسترد کر چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 806933
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش