0
Thursday 25 Jul 2019 17:22

ملتان، پیپلزپارٹی کے زیراہتمام 25 جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی

ملتان، پیپلزپارٹی کے زیراہتمام 25 جولائی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا، حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی
اسلام ٹائمز۔ چوک کچہری ملتان پر دھاندلی شدہ الیکشن کو ایک سال پورا ہونے پر 25 جولائی کو بطور یوم سیاہ منایا گیا، پیپلزپارٹی ملتان سٹی و ضلع کے زیراہتمام سٹی صدر ملک نسیم لابر کی قیادت میں اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، غیر جمہوری ہتھکنڈے، میڈیا سنسرشپ کے خلاف ہونے والے بھرپور احتجاجی مظاہرے سے پی پی پی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنمائوں نے خطاب کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینیئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم، سیکرٹری تعلقات جنوبی پنجاب عامہ بابو نفیس انصاری، ڈویڑنل صدر خالد حنیف لودھی، ڈویڑنل جنرل سیکرٹری و سابق ایم پی اے ڈاکٹر جاوید صدیقی، سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ، ضلعی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین، پی ایل ایف جنوبی پنجاب کے صدر شیخ غیاث الحق ایڈووکیٹ، پی وائی او جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ، سابق ایم پی اے عثمان بھٹی، ٹکٹ ہولڈرز ملک ارشد راں، حاجی شاہد رضا صدیقی، حفیظ بٹ، ڈویڑنل سیکرٹری انفارمیشن سلیم راجا، سینئر نائب صدر علما مشائخ ونگ جنوبی پنجاب مرزا نذیر بیگ، سینیئر نائب صدر خواتین ونگ جنوبی پنجاب راضیہ رفیق ودیگر نے کہا کہ 25 جولائی 2018ء کو عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا۔

رہنمائوں نے مزید کہا کہ تاریخ کی بدترین دھاندلی کروا کر ایک ایسی لاڈلی سرکار کو عوام پر مسلط کیا گیا، جس نے سلیکٹڈ ہوتے ہی عوام کو گھر دینے کے بجائے بے گھر کیا، روزگار دینے کے بجائے بے روزگار کیا اور آئے روز مہنگائی کی صورت میں معاشی بم گرا کر عوام کا جینا محال کر رکھا ہے، ایک سال مکمل ہو گیا ہے لیکن موجودہ حکومت کی نالائقیاں اور نااہلیاں کم ہونے کے بجائے روز بروز شدت اختیار کرتی جا رہی ہیں، اس سلیکٹڈ حکومت نے اپنی نالائقیوں و نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کیلئے اپوزیشن قائدین کو احتساب کے نام پر ذاتی انتقام کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور میڈیا پر ناجائز پابندیاں عائد کی ہوئی ہیں، لیکن اب عوام جاگ اٹھی ہے اور جان چکی ہے کہ صرف پیپلزپارٹی ہی ہماری مسیحا جماعت ہے اور بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنا کر ہی ان مشکل حالات پر قابو پایا جا سکتا ہے، اس کی تازہ مثال گھوٹکی کا حالیہ الیکشن ہے، جس میں عوام نے موجودہ سلیکٹڈ و جابر حکمران ٹولہ کو مسترد کرکے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروایا۔

مقررین نے مزید کہا کہ ایک سال میں حکومتی کارکردگی صفر ہے، آج کے دن ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت فوری طور پر مہنگائی، بے روزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو ریلیف دے اور میڈیا پر سنسرشپ کے نام ہر قائم دہشت گردی ختم کی جائے، کیونکہ پیپلزپارٹی میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی یے اور اپوزیشن قائدین کو احتساب کے نام پر نیب گردی کے ذریعے ذاتی انتقام کا نشانہ بنانا بند کیا جائے اور فوری طور پر صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور سمیت تمام گرفتار اپوزیشن قائدین کو رہا کیا جائے ورنہ احتجاج کا یہ سلسلہ اب رکنے والا نہیں۔
خبر کا کوڈ : 806961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش