QR CodeQR Code

گلگت سے لاپتہ تین افراد کے بارے میں حقائق سامنے نہ لائے گئے تو لانگ مارچ کرینگے، کیپٹن (ر) محمد شفیع

25 Jul 2019 17:42

اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ تین لڑکوں کو غائب ہوئے ایک ہفتہ گزر چکا ہے لیکن کوئی ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ قائد حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے  کہ اگر پولیس، ایڈمنسٹریشن یا ریاستی اداروں نے 24 گهنٹے کے اندر بگروٹ روڈ سے غائب 3 لڑکوں کے بارے میں ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تو بگروٹ سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا اور شاہراہ قراقرم کو بند کر دینگے۔ اپنے ایک بیان میں محمد شفیع کا کہنا تھا کہ لڑکوں کو غائب ہوئے ایک ہفتہ ہو گیا لیکن کوئی ذمہ داری لینے کے لئے تیار نہیں۔ لڑکوں کو زمین کھا گئی یا آسمان؟ ایسا کبھی بلوچستان میں ہوا کرتا تھا اور آج گلگت بلتستان کے لوگوں کے ساتھ کیا جا رہا ہے، اگر ان کا کوئی جرم ہے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے مگر اس طرح لاپتہ کرنا اور کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی جانب سے ان کو لاپتہ کرنے کی ذمہ داری قبول نہ کرنا ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ڈی آئی جی پولیس، چیف سیکرٹری اور ریاستی اداروں کے ذمہ داروں سے رابطے کر چکا ہوں مگر کہیں سے کوئی مثبت جواب نہیں مل رہا۔ لڑکوں کے والدین کی جانب سے ایف آئی آر درج کرنے کے لیے نامعلوم افراد کے خلاف درخواست بھی دی جا چکی ہے اور ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، اب احتجاج ہی آخری حل رہ گیا ہے جو ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے۔


خبر کا کوڈ: 806962

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806962/گلگت-سے-لاپتہ-تین-افراد-کے-بارے-میں-حقائق-سامنے-نہ-لائے-گئے-لانگ-مارچ-کرینگے-کیپٹن-ر-محمد-شفیع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org