QR CodeQR Code

صوفیاء نے اعتدال اور رواداری سکھائی اور انسانیت سے محبت کی تعلیم دی، خرم نواز گنڈاپور

25 Jul 2019 19:11

پی اے ٹی کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اگر ہم صوفیاء کی تعلیمات کو سمجھ لیں تو معاشرے میں پائی جانیوالی نفرت، تنگ نظری اور بدامنی کا خاتمہ ہو جائے، حالات کا تقاضا ہے کہ قیام امن کیلئے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعلیمات صوفیاء کا پرچار کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست قدوۃ الاولیاء حضرت پیر طاہر علاءوالدین الگیلانی القادری کے 28 ویں سالانہ عرس کے موقع پر منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ’’اعتدال پر مبنی معاشرے کی تشکیل کیلئے صوفیاء کا کردار‘‘ کے عنوان سے کانفرنس منعقد ہوئی۔ صدارت صاحبزادہ سید احمد نور الدین گیلانی القادری نے کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ صوفیاء نے اعتدال اور رواداری سکھائی اور انسانیت سے محبت کی تعلیم دی۔ پیر سیدنا طاہر علاءوالدین الگیلانی عرب نژاد تھے وہ خدمت دین وانسانیت کیلئے اسلاف کے طریقہ کار کے مطابق عراق سے پاکستان تشریف لائے اور آخری سانس تک علم و عرفان کی تعلیم دیتے رہے اور محبتیں بانٹتے رہے، آپ تحریک منہاج القرآن کے روحانی سرپرست ہیں اور انکا روحانی فیض تحریک منہاج القرآن کی صورت میں دنیا کے چپے چپے کو روشن کر رہا ہے، وہ اولیائے اللہ میں سے تھے۔ اگر ہم صوفیاء کی تعلیمات کو سمجھ لیں تو معاشرے میں پائی جانیوالی نفرت، تنگ نظری اور بدامنی کا خاتمہ ہو جائے، حالات کا تقاضا ہے کہ قیام امن کیلئے اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعلیمات صوفیاء کا پرچار کیا جائے۔ صوفیاء کرام کی زندگیاں خدمت دین اور اصلاح امت کیلئے وقف تھیں۔

کانفرنس کے آغاز میں قاری سید خالد حمید کاظمی نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی۔ بین الاقوامی شہرت یافتہ نعت خوان اختر حسین قریشی، ظہیر بلالی، علی حیدر، علی رضا بابر، محی الدین بابر نے حضور سرور کونین ﷺ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کانفرنس کے میزبان ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز منہاج القرآن شہزاد رسول قادری، راشد حمید کلیامی، حاجی محمد اسحق، حافظ علامہ عابد بشیر قادری، سہیل احمد رضا، ثاقب بھٹی و دیگر نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ کانفرنس میں ڈاکٹر ممتاز الحسن باروی، پروفیسر علامہ نور احمد نور ڈائریکٹر منہاج القرآن کینیڈا، سید الطاف گیلانی، جواد حامد، نور اللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود و دیگر مرکزی ،صوبائی،ضلعی رہنماوں نے کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ قدوۃ الاولیاء سیدنا طاہر علاءوالدین الگیلانی القادری وقت کے ولی اللہ اور نابغہ روزگار ہستی تھے۔ سیدنا طاہر علاءو الدین نے لاکھوں لوگوں کے دلوں کو باطنی طہارت اور روشنی عطا کی۔ سیدنا طاہر علاءوالدین نے امن، اعتدال، دوستی، محبت اور اسلام کے آفاقی پیغام کو عام کیا۔


خبر کا کوڈ: 806986

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/806986/صوفیاء-نے-اعتدال-اور-رواداری-سکھائی-انسانیت-سے-محبت-کی-تعلیم-دی-خرم-نواز-گنڈاپور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org