QR CodeQR Code

عمران خان نے واشنگٹن میں خالی کرسیوں سے خطاب کرکے منفرد ریکارڈ قائم کردیا، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

25 Jul 2019 23:11

خیرپور سے جاری بیان میں پی پی رہنما نے کہا کہ عمران خان این آر او کی بات کرکے اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش بند کریں، بلاول بھٹو گرفتاری کے لئے تیار ہیں اور ضمانت بھی نہیں کروائیں گے، این آر او تو دور کی بات ہے، سلیکٹڈ عمران خان کی اتنی حیثیت بھی نہیں کہ وہ کسی کو این آر او دے سکیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہےکہ عمران خان نے واشنگٹن میں خالی کرسیوں سے خطاب کرکے منفرد ریکارڈ قائم کردیا، جب شہید بے نظیر بھٹو امریکا گئی تھیں تو پورا امریکی ایوان نمائندگان کھڑا ہوگیا تھا، عمران خان امریکا گئے تو انہیں ائیرپورٹ پر شاہ محمود قریشی ہی ریسیو کرنے آسکے، یوسف رضا گیلانی کا تاریخی دورہ امریکا اس بات کا اظہار تھا کہ الیکٹڈ کی عزت ہوتی ہے، دوست ملک سے منتیں ترلے کرکے ٹرمپ سے ملاقات عمران خان کی ایڑیاں اٹھا کر قد اونچا کرنے کی کوشش ہے، آصف زرداری اپنے کیسز میں ضمانتیں لینے کو تیار نہیں، این آر او کیا لیں گے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان بطور پی ٹی آئی لیڈر نہیں بلکہ پاکستان کے نمائندے بن کر امریکا گئے ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ عمران خان بیرونی دوروں میں ملکی وقار ملحوظ خاطر رکھیں، ملک ہے تو حکومت بھی ہے اور اپوزیشن بھی، اپوزیشن کا مقصد این آر او نہیں بلکہ مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکس سے عوام کو نجات دلانا ہے، عمران خان این آر او کی بات کرکے اپنی نااہلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش بند کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو گرفتاری کے لئے تیار ہیں اور ضمانت بھی نہیں کروائیں گے، این آر او تو دور کی بات ہے، عمران خان نے ایمسنٹی اسکیم دے کر امیروں کو تو پہلے ہی این آر او دے دیا ہے، سلیکٹڈ عمران خان کی اتنی حیثیت بھی نہیں کہ وہ کسی کو این آر او دے سکیں، بیرونی دنیا اپوزیشن اور حکومت میں کوئی فرق نہیں رکھتی، عمران خان کی تنقید اپنا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔


خبر کا کوڈ: 807034

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807034/عمران-خان-نے-واشنگٹن-میں-خالی-کرسیوں-سے-خطاب-کرکے-منفرد-ریکارڈ-قائم-کردیا-ڈاکٹر-نفیسہ-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org