0
Thursday 25 Jul 2019 23:29
عمران خان پرچیاں دیکھ کر پڑھتے تو بہتر بات کرتے

ایٹمی ہتھیار پاکستان کی حفاظت کے ضامن ہیں، مریم نواز

ایٹمی ہتھیار پاکستان کی حفاظت کے ضامن ہیں، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم عمران خان امریکہ میں پرچیاں دیکھ کر بات کرتے تو کچھ بہتر بات کرتے۔ صحافیوں سے گفتگو میں جب مریم نواز سے وزیراعظم عمران خان کے امریکی جلسے میں دئے گئے بیان سے متعلق سوال کیا گیا جس میں انہوں نے پرچیوں سے پڑھنے کا تذکرہ کیا گیا تھا، تو مریم نواز نے جواب دیا کہ اگر وہ پرچیوں سے دیکھ کر پڑھ لیتے تو کچھ بہتر بات کرتے۔ جو باتیں انہوں نے کیں میرا دل کر رہا تھا کہ میں کسی کو کہوں کہ ان کے منہ پر ہاتھ رکھ دو۔ یہ کون کہتا ہے کہ اگر بھارت اپنے جوہری ہتھیار ترک کر دے تو پاکستان بھی ایسا کرنے کو تیار ہے۔ جو الیکٹڈ وزیراعظم تھا اُس نے کہا تھا کہ بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں آج پاکستان نے وہ حساب برابر کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سیلیکٹڈ آدمی کو کس نے یہ حق دیا ہے کہ وہ امریکہ میں کھڑا ہو کر یہ بات کرے کہ میں جوہری ہتھیاروں کو ترک کر سکتا ہوں۔ کیوں کرے گا۔؟ یہ جوہری ہتھیار پاکستان کی حفاظت کے ضامن ہیں۔ انہی کی وجہ سے سب ممالک پاکستان سے اچھی طرح بات کرتے ہیں۔ اُن کو یہ سب کہنے کا حق آخر کس نے دیا، اس سے تو اچھا تھا کہ وہ پرچی سے ہی دیکھ کر پڑھ لیتے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں کیپٹل ون ارینا میں اوورسیز پاکستانیوں سے خطاب کیا تھا، جس میں انہوں نے طنزیہ کہا تھا کہ میں پرچیاں لایا ہوں، جیب میں، میں پرچیوں سے پڑھوں گا جبکہ ایک امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے جوہری ہتھیاروں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنازعات کے حل کے لیے ایٹمی جنگ کوئی آپشن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ بھارت جوہری ہتھیاروں سے دستبردار ہوجائے تو پاکستان بھی ایسا کر دے گا۔
خبر کا کوڈ : 807046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش