QR CodeQR Code

متحدہ اپوزیشن عوام کی عزت کرانا چاہتی ہے، ہمارا صرف ایک مشن ہے کہ عوام کے ووٹ کو عزت دو، ایاز صادق

25 Jul 2019 23:43

کراچی میں اپوزیشن کے جلسے سے خطاب میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہم نیازی آمریت کو شکست دینے کے اکٹھے ہوئے ہیں، پاکستان میں نئی قیادت ابھر رہی ہے، عوام کی نظریں اپوزیشن جماعتوں پر ہیں، پوری اپوزیشن جیل جانے کے لئے تیار ہے، جس کو چاہو جیل میں ڈال دو ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی نائب صدر ایاز صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ متحدہ اپوزیشن عوام کی عزت کرانا چاہتی ہے، ہمارا صرف ایک مشن ہے کہ عوام کے ووٹ کو عزت دو۔ انہوں نے کہا کہ ہم سلیکٹڈ حکومت اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو ماننے سے انکار کرتے ہیں، ہم بلاول بھٹو کے مشکور ہیں کہ انہوں نے سلیکٹڈ کا لفظ دیا اور اب سلیکٹڈ لوگ چھپتے پھر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغ جناح میں متحدہ اپوزیشن کی جانب سے پی ٹی آئی کی حکومت کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم سیاہ منانے کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی اور دیگر جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ کہ ملک کو آئین دینے والے ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ جو سلوک ہوا، وہ سب کے سامنے ہے، آصف علی زرداری کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے 18 ویں ترمیم دی اور نواز شریف کا قصور یہ ہے کہ اس نے ایٹمی دھماکے کئے اور گوادر پورٹ بنائی۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے چلینج دیا کہ میرا ٹیسٹ کرو، بنی گالہ جاکر بھی ٹیسٹ کرو۔ انہوں نے کہاکہ سعد رفیق نے ریلوے کی آمدنی بڑھائی، انہیں گرفتار کرلیا گیا، شیخ رشید کے دور میں ٹرین کے حادثات بڑھ گئے لیکن ان سے کوئی استعفی نہیں مانگ رہا، شیخ رشید کے دور میں 11 ماہ میں 80 ایکسیڈنٹ ہوئے، کسی نے کچھ نہیں کہا، پشاور میٹرو کی لاگت کئی گنا بڑھ گئی نیب کو یہ نظر نہیں آتا، نیب کو صرف اپوزیشن نظر آتی ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ ہمارا حج خانہ کعبہ میں ہوتا ہے اور ان کا حج شاید امریکہ میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے کچھ نہیں کہا امریکہ دورے میں یہ چارج شیٹ لگاکر آئے ہیں۔ ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان نے امریکہ میں خفیہ معاہدے کرکے پاکستان کی ناک کٹوا دی، پاکستانی اداروں سے متعلق چارج شیٹ پر انکے خلاف آرٹیکل چھ لگنا چاہیئے، امریکی صدر نے کہا کہ پاکستان کی پہلے کی حکومتوں نے ہمارے ساتھ تعاون نہیں کیا، امریکی صدر کی بات یہ ثابت ہوگیا ہے کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے امریکہ کی ہاں میں ہاں نہیں ملائی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مودی کو فون کرتے ہیں اور خط لکھتے ہیں، اسامہ بن لادن سے متعلق وزیراعظم کی بات پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیئے، کسی کو پتہ نہیں تھا کہ اسامہ بن لادن کے متعلق معلومات کس نے فراہم کیں، عمران خان نے پارلیمنٹ کے بند کمرے میں دی گئی بریفنگ منظر عام پر لاکر سنگین غلطی کا ارتکاب کیا ہے، کہتے تھے کہ آئی ایم ایف نہیں جاؤں گا خودکشی کرلوں گا، عمران خان کا گھر ریگولرائز اور غریب کا گھر گرایا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 807066

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807066/متحدہ-اپوزیشن-عوام-کی-عزت-کرانا-چاہتی-ہے-ہمارا-صرف-ایک-مشن-کہ-کے-ووٹ-کو-دو-ایاز-صادق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org