0
Friday 26 Jul 2019 10:20

آزادکشمیر میں غیر متعدی بیماریوں کے بڑھنے پر سخت تشویش ہے، مسعود خان

آزادکشمیر میں غیر متعدی بیماریوں کے بڑھنے پر سخت تشویش ہے، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں صحت عامہ کے حوالے سے چیلجنز کا مقابلہ کرنے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ آزادکشمیر میں غیر متعدی بیماریوں کے بڑھنے پر سخت تشویش ہے اور ماہرین طب کو ان بیماریوں کے بڑھنے کے اسباب کا سراغ لگانا اور ان کے تدارک کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں انڈس ہیلتھ نیٹ ورک پاکستان کی طرف سے آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور خدمات کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ بریفنگ میں آزادکشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) سید آصف حسین شاہ، سیکرٹری صحت، میڈیکل ٹرانسکریپشن بلنگ کارپوریشن ایم ٹی بی سی پاکستان کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمود حق، انڈس ہسپتال بورڈ آف ڈائریکٹر کے چیئرمین ڈاکٹر عبد الباری اور محکمہ صحت کے دیگر آفیسران نے بھی شرکت کی۔

صدر آزادکشمیر نے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک کی طرف سے پاکستان اور آزادکشمیر میں عوام کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں اور خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انڈس ہیلتھ نیٹ ورک نے عباسپور جیسے دور دراز علاقے میں تمام ضروری سہولتوں سے آراستہ انتہائی معیاری ہسپتال قائم کر کے ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے شعبہ صحت کا انفراسٹرکچر وسیع اور جدید ہے اور دور دراز علاقوں میں بھی ہسپتال کی بہترین عمارات موجود ہیں لیکن بعض علاقوں میں ڈاکٹروں اور معاونین صحت کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے جس کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں حکومت آزادکشمیر ضروری اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں نرسنگ کالج کے قیام کی ضرورت طویل عرصے سے محسوس کی جا رہی ہے جس کو حل کرنے کے لئے انڈس ہیلتھ نیٹ ورک اور ایم ٹی بی سی آزادکشمیر کے محکمہ صحت کی مدد کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بڑھتے ہوئے امراض قلب، بلند فشار خون، ذیابیطس، کینسر اور متعدی بیماریوں میں ٹی بی باعث تشویش ہے۔ ماہرین طب کو ان بیماریوں کے اچانک بڑھ جانے کی بنیادی اسباب تلاش کر کے ان کے سدباب کے لئے عوام الناس کے اندر آگاہی مہم شروع کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ آزادکشمیر پورے پاکستان میں پولیو فری علاقہ قرار دیا جا چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 807117
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش