0
Friday 26 Jul 2019 22:17

اسٹریٹ کرائمز کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، آئی جی سندھ

اسٹریٹ کرائمز کیخلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائی جائے، آئی جی سندھ
اسلام ٹائمز۔ سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبے بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا خصوصی حوالوں اور بریفنگز پر مشتمل تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔ آئی جی سندھ نے تمام ڈی آئی جیز کو اسٹریٹ کرائمز بشمول ڈکیتی، رہزنی، چھیناجھپٹی، لوٹ مار جیسے واقعات کے انسدادی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر، گروہوں اور ان کے سرپرستوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو ہر سطح پر تیز، مؤثر اور غیر جانبدار بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو احکامات دیئے کہ فورتھ شیڈول لسٹ کا ازسرنو جائزہ لیا جائے اور تمام متعلقہ ایس ایچ اوز کو فورتھ شیڈول لسٹ پر قانون کے مطابق عمل درآمد، جبکہ ایس ایس پیز کو باقاعدہ نگرانی کا پابند بنایا جائے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم کیخلاف جاری صوبائی سطح پر پولیس آپریشنز کو مزید تیز اور نتیجہ خیز بنایا جائے، جبکہ کچی آبادیوں، مضافاتی ایریاز اور گنجان آباد علاقوں میں انٹیلی جینس بیسڈ کاروائیوں کے تحت جرائم کیخلاف کارکردگی کو بھی ٹھوس اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کےخلاف جاری جنگ میں پولیس، رینجرز سندھ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کے مابین روابط اور معلومات شیئرنگ کے عمل کو مزید مستحکم اور کامیاب بنانی کے ضمن میں بھی باقاعدہ لائحہ عمل تیار کیا جائے، تاکہ جرائم کیخلاف اقدامات کو مشترکہ ایکشن کی حکمت عملی کو ہر لحاظ سے کامیاب اور مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، سی ٹی ڈی، اسٹیبلشمنٹ اینڈ ٹریننگ، آپریشنز، کراچی، اسپیشل برانچ، سمیت ویڈیو لنک پر ایڈیشنل آئی جیز حیدرآباد اور رینج ڈی آئی جیز نے شرکت کی، جبکہ زونل ڈی آئی جیز، اے آئی جی ایڈمن، اے آئی جی آپریشنز بھی اجلاس میں شریک تھے۔
خبر کا کوڈ : 807272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش