0
Saturday 27 Jul 2019 00:31

حج کی طرز پر زیارات مقامات مقدسہ کی پالیسی پر مشاورت کیلئے وفاقی وزراء کا شیعہ علماء سے تبادلہ خیال

حج کی طرز پر زیارات مقامات مقدسہ کی پالیسی پر مشاورت کیلئے وفاقی وزراء کا شیعہ علماء سے تبادلہ خیال
اسلام ٹائمز۔ وزارت مذہبی امور نے ایران، عراق اور شام کی زیارات کی پالیسی پر کام شروع کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق زیارت پالیسی کے تحت حج عمرہ کی طرز پر ٹوور آپریٹرز ماڈل برائے زائرین تیار کی جائے گی، زیارت پالیسی کی حج 2019ء کے بعد کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں شیعہ علماء نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی زلفی بخاری نے بھی خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ایران اور عراق زیارتوں کی پالیسی کے خدوخال پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بریفنگ دی۔ اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ زیارات میں حضرت امام رضاؑ، حضرت امام حسینؑ، امام عبدالقادر جیلانی، امام ابو حنیفہ، بہاالدین نقشبندی بخاری اور امام حسن مجتبٰیؑ کے مزارات شامل ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے حکام نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ محرم کے دوران ہر سال 60 ہزار سے ایک لاکھ زائرین ایران عراق جاتے ہیں۔ ایک سال میں تقریباً 6 لاکھ سے زائد زائرین ایران عراق جاتے ہیں۔ اس موقع پر پیر نور الحق قادری نے کہا کہ اس سال ایران، عراق زائرین کے لئے محرم سے قبل کابینہ سے منظوری لی جائے گی، شیعہ علماء کے ساتھ ملکر زیارات پالیسی مرتب کریں گے۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے کہا کہ امسال زائرین حج عمرہ کی مانند زیارات پر جائیں گے، حکومت زائرین کو مکمل سہولیات اور سکیورٹی فراہم کرے گی۔ شیعہ علماء میں علامہ راجہ ناصر عباس، علامہ امین شہیدی، علامہ عارف واحدی اور غضنفر مہدی کے علاوہ پارلیمانی سیکرٹری جہانگیر آفتاب اور وفاقی سیکرٹری محمد مشتاق احمد نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 807293
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش