0
Saturday 27 Jul 2019 16:44

وزیراعظم عمران خان کو آئی ایم ایف پروگرام کا متبادل منصوبہ پیش کیا تھا، اسد عمر کا انکشاف

وزیراعظم عمران خان کو آئی ایم ایف پروگرام کا متبادل منصوبہ پیش کیا تھا، اسد عمر کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو آئی ایم ایف پروگرام حاصل کرنے کے بجائے متبادل راستہ اختیار کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی تاہم انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کے حق میں ایک مضبوط مؤقف کے مقابل متبادل تجویز کا غیر یقینی راستہ چننے سے گریز کیا۔ کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ کی ایک تقریب سے خطاب میں سابق وزیر خزانہ نے بتایا کہ مارچ میں انہوں نے وزیراعظم کو واضح کردیا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ایک راستہ ہے مجبوری نہیں، انہوں نے متبادل تجویز کے متعلق مزید انکشاف کیا کہ یہ سرمایہ کی عالمی مارکیٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نیک نامی اور خلیجی ملکوں سے پاک فوج کے تعلقات کا فائدہ اٹھانا تھا۔ اسد عمر نے بطور وزیر خزانہ اپنی سبکدوشی سے ایک ماہ قبل یہ متبادل منصوبہ وزیراعظم کو  پیش کیا تھا۔ عمران خان نے ان سے کہا کہ تم جانتے ہو میں خطروں سے کھیلنے والا ہوں مگر ہر کوئی یہی کہہ رہا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا چاہیئے۔

وزیراعظم اور سابق وزیر خزانہ کی ان ملاقاتوں کے احوال سے واقف ایک ذریعہ کے مطابق متبادل منصوبہ کے تحت اسد عمر سرمایہ کی عالمی مارکیٹ اور کمرشل بینکوں سے فنڈز حاصل کرنا چاہتے تھے، ٹیرف اور نان ٹیرف کی رکاوٹوں کے اطلاق اور روپے کی قدر کو مرحلہ وار گھٹا کر وہ آئی ایم ایف پروگرام سے بچنا چاہتے تھے۔ سابق وزیر خزانہ نے مذکورہ تقریب سے خطاب میں بتایا کہ عمران خان کی عالمی سطح پر بالخصوص ایشیا میں مثبت ساکھ اور سول ملٹری بہترین تعلقات متبادل منصوبہ کی بنیاد  تھی، جسے بروئے کار لایا جانا تھا۔  انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا یا متبادل راستہ میں سے کسی ایک کو اختیار کرنا وزیراعظم کی صوابدید تھی، تاہم ان کے خیال میں 22 سالہ جدوجہد عمران خان کا سیاسی اثاثہ تھا جسے بروئے کار لانا چاہیئے تھا۔
 
خبر کا کوڈ : 807427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش