0
Saturday 27 Jul 2019 16:57

میری کیخلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کا کیس نہیں، نیب نے غلط ٹائٹل دیا، مصطفیٰ کمال

میری کیخلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کا کیس نہیں، نیب نے غلط ٹائٹل دیا، مصطفیٰ کمال
اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے اعتراض اٹھایا ہے کہ میرے خلاف غیر قانونی الاٹمنٹ کا کیس نہیں ہے لیکن پھر بھی قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر ریفرنس میں ٹائٹل غیر قانونی الاٹمنٹ کا دے دیا گیا، جس پر عدالت نے انہیں معاملے سے متعلق تحریری طور پر درخواست جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ کراچی کی احتساب عدالت میں مصطفیٰ کمال اور پی ایس پی کے دیگر رہنماؤں کے خلاف سرکاری پلاٹس کو غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران مصطفیٰ کمال، افتخار قائمخانی سمیت دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ پی ایس پی سربراہ نے ریفرنس کے ٹائٹل پر اعتراضات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اخباروں میں لکھا جارہا ہے کہ یہ غیر قانونی الاٹمنٹ کا کیس ہے، لیکن یہ الاٹمنٹ کا کیس نہیں، اس معاملے میں انصاف نہیں کیا جارہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پورے ریفرنس میں کوئی الاٹمنٹ کا ذکر نہیں مگر پھر بھی ٹائٹل غیر قانونی الاٹمنٹ کا دیا گیا۔ مصطفیٰ کمال کے اعتراض پر عدالت نے انہیں معاملے سے متعلق تحریری طور پر درخواست جمع کروانے کی ہدایت کردی۔ مصطفیٰ کمال کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالت نے کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

میں کیس لڑوں گا، جو عدالت بلائے گی جاؤں گا، مصطفیٰ کمال
ادھر عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے دائر ریفرنس کے ٹائٹل پر مجھے غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں شامل کیا جاتا ہے جبکہ کیس میں کہیں بھی غیر قانونی الاٹمنٹ کا ذکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے کہا جاتا ہے کہ میں نے الاٹمنٹ کی جبکہ میں نے عدالت کو بتایا کہ جو ٹائٹل مجھ سے منسوب کیا گیا ہے اسے ہٹایا جائے کیونکہ یہ جرم میں نے نہیں کیا۔ غیر قانونی الاٹمٹنٹ کا ذکر کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ یہ الاٹمٹنٹ 1982ء میں ہوئی تھیں جبکہ میں 2005ء میں کراچی شہر کا ناظم منتخب ہوا تھا۔ انہوں نے نیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بیورو میرے سامنے کھڑے ہوکر مجھے بتائے کہ مجھ پر کیا الزام ہے۔ پی ایس پی سربراہ کا کہنا تھا کہ میں اس کیس میں لڑوں گا اور جو بھی عدالت مجھے بلائے گی میں جاؤں گا اور قانون پر عملدرآمد کروں گا۔

غیر قانونی الاٹمنٹ کیس
خیال رہے کہ نیب نے 22 جون کو بحریہ ٹاؤن کی کثیرالمنزلہ عمارت کے لئے باغ ابنِ قاسم سے متصل 5 ہزار 500 مربع گز سرکاری زمین الاٹ کرنے پر مصطفیٰ کمال اور دیگر کے خلاف ریفرنس دائر کیا تھا۔ جس پر 11 جولائی کو احتساب عدالت نے انہیں اور دیگر 2 ملزمان کو تیسری مرتبہ نوٹس جاری کیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج نے سابق میئر کراچی کی سماعت سے غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں 27 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا، جس پر مصطفیٰ کمال نے عبوری ضمانت کے لئے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جسے منظور کرلیا گیا۔ یاد رہے کہ نیب نے رواں برس مارچ میں سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال سمیت 11 افراد کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 807432
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش