QR CodeQR Code

عوام حکومت و اپوزیشن کی جنگ نہیں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، محمد حسین محنتی

27 Jul 2019 23:45

مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران جماعت اسلامی سندھ کے امیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دعووں کے برعکس قوم کو مایوس کیا، اپنی ایک سالہ کارکردگی سے ثابت کر دیا کہ ان کے پاس عوامی مسائل اور قرضوں میں گھرے پاکستان کو بحران سے نکالنے کیلئے کوئی پلان نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عوام حکومت و اپوزیشن کی جنگ نہیں اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، موجودہ پی ٹی آئی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی مایوس کن ہے، پی ٹی آئی قیادت مہنگائی و بیروزگاری کے خاتمے سمیت قوم سے کئے گئے وعدوں پر عمل کرے، جماعت اسلامی ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی عید کے بعد مہنگائی، عوام دشمن بجٹ اور آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات کیلئے عوامی مارچ کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواب شاہ میں جماعت اسلامی کی ضلعی و مقامی مجلس شوریٰ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور خراب معاشی صورتحال حکومتی دعووں کی نفی ہے، جس کی وجہ سے ہر شہری پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے جھنڈے و نشان پر سندھ بھر میں بھرپور حصہ لے گی، کیونکہ انتخابات دعوت کا ایک بڑا ذریعہ ہیں۔ صوبائی امیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے اپنے دعووں کے برعکس قوم کو مایوس کیا، اپنی ایک سالہ کارکردگی سے ثابت کر دیا کہ ان کے پاس عوامی مسائل اور قرضوں میں گھرے پاکستان کو بحران سے نکالنے کیلئے کوئی پلان نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 807475

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807475/عوام-حکومت-اپوزیشن-کی-جنگ-نہیں-اپنے-مسائل-کا-حل-چاہتے-ہیں-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org