QR CodeQR Code

موجودہ حکومت کو نواز شریف فوبیا ہوگیا ہے، اعجاز ہاشمی

28 Jul 2019 12:37

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ جس شخص کا ذرہ سا تعلق بھی سابق وزیراعظم سے نکل آتا ہے، اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے، سینیئر کالم نگار عرفان صدیقی کی کرایہ داری مقدمے میں گرفتاری سے حکومت کی پسپائی اور بے بسی ظاہر ہوتی ہے کہ وہ کس حد تک نیچے گر چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیر اعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکی ہے، عمران خان پر ایک سال کے اندر ہی غیر مقبول ہونے کا خوف طاری ہوگیا ہے، وہ سیاسی انتقام کی آگ میں جل رہے ہیں، کرپشن کا راگ بہت الاپ لیا گیا اب تو منشیات اور کرایہ داری جیسے مقدمات بنانے کیلئے ریاستی اداروں کو بدنام کیا جا رہا ہے تاکہ اپوزیشن رہنماوں کو جیل بھیجنے کا شوق پورا کرلیا جائے، لگتا ہے کہ موجودہ حکومت کو نواز شریف فوبیا ہوگیا ہے، جس شخص کا ذرہ سا تعلق بھی سابق وزیراعظم سے نکل آتا ہے، اسے گرفتار کر لیا جاتا ہے، سینیئر کالم نگار عرفان صدیقی کی کرایہ داری مقدمے میں گرفتاری سے حکومت کی پسپائی اور بے بسی ظاہر ہوتی ہے کہ وہ کس حد تک نیچے گر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کی پاسداری ضروری ہے، سلیکٹیڈ وزیر اعظم صرف اور صرف انتقام لینے کیلئے اپنی کارروائیاں کرتے ہیں، اس حکومت نے ادارے کمزورکرنے کی انتہا کردی ہے۔ پیر اعجاز ہاشمی نے زور دیا کہ ریاستی اداروں کو عمران خان کے سیاسی انتقامی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہیے، انتہائی شرمناک بات ہے کہ جس انداز سے رانا ثناءاللہ خان کیخلاف مقدمہ قائم کیا گیا، اس سے اے این ایف جیسے اداروں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا 25 جولائی کا کامیاب یوم سیاہ اس بات کی دلیل ہے کہ اس حکومت کوعوام نے مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام تو روزانہ یوم سیاہ مناتے ہیں جب ہر روز انہیں مہنگائی بیروزگاری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 807565

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807565/موجودہ-حکومت-کو-نواز-شریف-فوبیا-ہوگیا-ہے-اعجاز-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org