0
Monday 29 Jul 2019 08:13

ناموس رسالت (ص) کا کوئی ایشو نہیں، فضل الرحمان کی حمایت نہیں کرسکتے، نون لیگ

ناموس رسالت (ص) کا کوئی ایشو نہیں، فضل الرحمان کی حمایت نہیں کرسکتے، نون لیگ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) نے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ناموس رسالت (ص) کے معاملے پر حکومت کیخلاف شروع کی گئی تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔ نون لیگ کے انتہائی معتبر ذرائع نے "اسلام ٹائمز" کو بتایا ہے کہ نون لیگ نے میاں شہباز شریف کی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں شروع ہونے والی ناموس رسالت (ص) تحریک کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے جہاں حکومت کیخلاف تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے، وہیں انہوں نے مذہب کا کارڈ بھی کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت قادیانیوں کیخلاف اور ناموس رسالت (ص) کے حوالے سے معاملہ اٹھایا جائے گا۔ نون لیگ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں ناموس رسالت (ص) کا کوئی مسئلہ نہیں اور نہ ہی حکومت قادیانیوں کو کوئی ریلیف دے رہی ہے، اس لئے سیاست میں مذہب کے کارڈ کی حمایت نہیں کریں گے۔

لیگی ذرائع کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی ایشوز پر تو فضل الرحمان کی حمایت کریں گے، تاہم مذہبی معاملات میں ہم مولانا فضل الرحمان کیساتھ نہیں، کیونکہ ملک میں ایسا کوئی ایشو نہیں، جسے بنیاد بنا کر مذہبی معاملات کو اچھالا جائے۔ لیگی ذرائع کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو پشاور میں اپوزیشن کے 2 جلسے بھی اسی وجہ سے ہوئے تھے، کیونکہ نون لیگ اس معاملے میں جے یو آئی (ف) کیساتھ نہیں۔ ناموس رسالت (ص) کا معاملہ کسی سیاست کا محتاج نہیں، پوری قوم اس پر متفق ہوتی ہے، لیکن اس وقت ملک میں یہ مسئلہ موجود ہی نہیں تو اس پر سیاست کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پیپلز پارٹی نے بھی حکومت مخالف تحریک میں نرمی اختیار کرلی ہے، جسے بعض حلقوں کی جانب سے "ڈیل" قرار دیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک کسی ایک ایجنڈے پر متقق نہ ہونے سے کمزور پڑ چکی ہے، جس کا حکومت کو براہ راست فائدہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 807626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش