QR CodeQR Code

35 اے کیساتھ چھیڑچھاڑ بارود کے ڈھیر کو آگ لگانیکے مترادف ہے، محبوبہ مفتی

29 Jul 2019 17:48

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کی صدر نے بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو ہاتھ 35 اے کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے کیلئے اٹھیں گے، وہ ہاتھ ہی نہیں، بلکہ وہ سارا جسم جل کر راکھ ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارتی آئین کی شق 35 اے کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑچھاڑ بارود کے ڈھیر کو آگ لگانے کے مترادف ہوگی اور ان کی پارٹی مرتے دم تک اس کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے پارٹی ورکروں سے کہا کہ وہ لمبی لڑائی لڑنے کے لئے تیار رہیں۔ شیر کشمیر پارک میں پی ڈی پی کے 20ویں یوم تاسیس کے موقع پر پی ڈی پی اچھا خاصا پاور شو کرنے میں کامیاب رہی۔ اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جو ہاتھ 35 اے کے ساتھ چھیڑچھاڑ کرنے کے لئے اٹھیں گے وہ ہاتھ ہی نہیں، بلکہ وہ سارا جسم جل کر راکھ ہوگا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی اور ان کے لیڈروں کو ہراساں کرنے کی کافی کوششیں کی جارہی ہے، تاہم جو دیوار کی طرح کی کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی خصوصی شناخت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے خاموش تماشائی کا رول ادا نہیں کرے گی، بلکہ اس کے لئے آخری دم تک لڑے گی۔ محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ پی ڈی پی دوغلی پالیسی پر یقین نہیں رکھتی بلکہ جو بات کشمیر میں کرتی ہے، وہی جموں اور نئی دہلی میں بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے بھارتی حکومت کو صلاح دی کہ دفعہ 35 اے سے متعلق دھمکیوں کی بجائے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے، تاہم میں محبوبہ مفتی یہاں یہ بات واضح کردینا چاہتی ہوں کہ جموں و کشمیر کا کوئی بھی باشندہ خصوصی پوزیشن کی منسوخی سے متعلق نہ بھارتی حکومت اور نہ ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرے گا۔


خبر کا کوڈ: 807767

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807767/35-اے-کیساتھ-چھیڑچھاڑ-بارود-کے-ڈھیر-کو-ا-گ-لگانیکے-مترادف-ہے-محبوبہ-مفتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org