QR CodeQR Code

اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے حکومت کو 24 گھنٹے کا الٹی میٹم

29 Jul 2019 18:30

گلگت میں عمائدین بگروٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد شفیع کا کہنا تھا کہ چوبیس گھنٹے کے اندر بگروٹ سے لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم نہ کی گئیں تو پورے جی بی کے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ اپوزیشن لیڈر کیپٹن (ر) محمد شفیع نے کہا ہے کہ بگروٹ سے لاپتہ ہونے والے تینوں نوجوانوں کے بارے میں انتظامیہ ذمہ داری لینے کیلئے تیار نہیں، چوبیس گھنٹے کے اندر اندر تینوں لاپتہ افراد کو منظر عام پر نہ لایا یا معلومات فراہم نہ کی گئیں تو پورے گلگت بلتستان کے عوام کو سڑکوں پر لائیں گے۔ گلگت میں عمائدین بگروٹ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ ہم ان لاپتہ نوجوانوں کا دفاع ہرگز نہیں کر رہے، اگر وہ کسی جرم میں شریک ہیں، یا کسی کا آلہ کار بنے ہیں تو ریاست ان سے پوچھنے کا حق رکھتی ہے، پاکستان کا آئین بھی اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی سرگرمیوں میں ملوث لوگوں سے قانون کے دائر ے میں پوچھ گچھ کریں۔ لیکن آئین نے بھی ایک طریقہ کار دیا ہے، جس طریقے سے ان افراد کو اٹھایا گیا وہ غلط ہے، یہ غلط روایت نہ روکی گئی تو سلسلہ مزید بڑھتا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں یقین دہانی کراتا ہوں کہ لاپتہ افراد کیخلاف کوئی الزامات ہیں یا وہ کسی جرم میں شریک ہیں تو عوام اور عمائدین بھی اداروں کے ساتھ تعاون کرینگے۔ میں نے تمام اداروں، انتظامیہ اور پولیس سے رابطہ کیا کہیں سے کوئی جواب نہیں آیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے اوپر اعتبار نہیں، ہمیں مشکوک سمجھا جا رہا ہے، اس کے برعکس ایک ایس ایچ او کہتا ہے کہ وہ لاپتہ افراد کے ساتھ رابطے میں ہے، ایس ایچ او کے پاس معلومات ہیں لیکن اپوزیشن لیڈر کو معلومات دینے کو کوئی تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اس بات کی بھی اجازت دیتا ہے کہ غیر قانونی کاموں کیخلاف آواز بلند کریں، چوبیس گھنٹے کے اندر ہمیں اعتماد میں نہ لیا گیا تو عوام کو سڑکوں پر لانے کے سوا ہمارے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچے گا۔


خبر کا کوڈ: 807769

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807769/اپوزیشن-لیڈر-جی-بی-اسمبلی-کا-لاپتہ-افراد-کی-بازیابی-کیلئے-حکومت-کو-24-گھنٹے-الٹی-میٹم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org