QR CodeQR Code

بھارت و پاک افواج کے مابین لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ

29 Jul 2019 20:21

جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اِس پار کی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم اس سے فوج کو کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت و پاک افواج کے مابین لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کے تبادلہ میں دس روز قبل پیدا ہونے والے بچے نے دم توڑ دیا ہے جبکہ اس کی ماں کی حالت اسپتال میں نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ جاری رہا۔  لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے خلاف بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔ حکومتی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شاہ پور سیکٹر میں اتوار کو ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک نوزائیدہ بچہ اور اس کی والدہ فاطمہ زخمی ہوئے تھے۔ علاوہ ازیں محمد عارف ولد محمد سعید راتھر نامی ایک شہری بھی زخمی ہوا تھا۔ ماں بیٹے کو علاج و معالجے کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کیا گیا تھا۔

مذکورہ بچے کو ابھی کوئی نام بھی نہیں دیا گیا تھا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق نوزائیدہ بچہ اسپتال میں زیر علاج تھا، جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا اس کی ماں کی خالت ابھی بھی نازک بتائی جا رہی ہے۔ قانونی لوازمات کے بعد جب اس کی لاش گھر والوں کے حوالے کی گئی تو علاقہ میں کہرام مچ گیا۔ ادھر بھارت کے دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی افواج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہپور سیکٹر میں بھارتی ٹھکانوں پر مارٹر شیلنگ کی۔ جموں میں مقیم دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی فوج نے اِس پار کی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم اس سے فوج کو کسی قسم کا کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔


خبر کا کوڈ: 807794

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/807794/بھارت-پاک-افواج-کے-مابین-لائن-ا-ف-کنٹرول-پر-فائرنگ-کا-تبادلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org