0
Tuesday 30 Jul 2019 09:48

دوردراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں، راجہ فاروق

دوردراز علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹیلی میڈیسن کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں، راجہ فاروق
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق خان نے کہا ہے کہ حکومت نے تین سالوں میں تعلیم اور صحت میں بنیادی اصلاحات لائیں، دوردراز اور پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن کا پراجیکٹ شروع کر رہے ہیں۔ میڈیکل کالجز کی ضروریات پورا کرینگے، 1947ء کے بعد آزادکشمیر کے اندر تعمیر و ترقی کا انقلاب آیا، اُس وقت پورے آزادکشمیر بھر میں 52 پرائمری سکولز، گیارہ ہائی سکول، ایک کالج تھا جبکہ آج آزادکشمیر میں پانچ ہزار پرائمری سکولز، ایک ہزار مڈل سکولز، ایک ہزار ہائی سکولز، دو کے قریب کالجز، پانچ یونیورسٹیز اور تین میڈیکل کالجز قائم ہیں، موجودہ حکومت نے تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اساتذہ کی بھرتی کا شفاف نظام وضع کیا اور پہلے صوابدیدی سمجھی جانے والی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر کی آسامیاں اب پی ایس سی کے ذریعے میرٹ پر فل ہو رہی ہیں، اب ان اداروں میں بائیو میٹرک سسٹم بھی لگا رہے ہیں، میڈیکل کالجز کو نارمل میزانیہ پر لایا اور بھی جتنے وسائل آئیں گے حکومت تعلیم اور صحت کے لیے وافر مقدار میں فنڈز فراہم کریگی۔ ڈاکترز کی آسامیوں کی تعداد بڑھائیں گے، حکومت نے تین سالوں میں محکمہ صحت میں ریکارڈ آسامیاں فراہم کیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر آزاد جموں و کشمیر میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کی صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، پرنسپل میڈیکل کالج ڈاکٹر سروش سلہریا و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر، سیکرٹریز صاحبان نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میڈیکل کالجز کا یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے الحاق کروایا اور اب ان کی عمارات کی بھی تعمیر کی جا رہی ہے۔ میڈیکل کالجز سے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجویشن کی سہولت آزادکشمیر میں فراہم کرینگے اس حوالے سے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دور دراز علاقوں نیلم ویلی، حویلی کے کوٹے پر ڈاکٹر بننے والوں کو اپنے علاقوں میں نوکری کے مواقع فراہم کرینگے، اس حوالے سے نیلم کے کوٹے پر ڈاکٹر بننے والے عبدالقدیر کی بطور میڈیکل آفیسر لیسوا تعیناتی کا اعلان کرتا ہوں۔ تعلیم و صحت حکومت میں گزشتہ تین سالوں میں نمایاں بہتری لائی حکومت آزادکشمیر کی آمدن میں اضافے سے حاصل ہونیوالی رقم کا بڑا حصہ آزادکشمیر کے شہریوں کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی میں صرف کرینگے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ڈاکٹر ایک مقدس پیشہ ہے آپ نے لوگوں کی زندگیاں محفوظ بنانی ہیں، ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا ہے، اپنے والدین کا سب سے قیمتی ترین اثاثہ اس کی اولاد ہوتی ہے آپ نے ان کی امیدوں پر پورا اترنا ہے، سرکاری سطح پر ایک ڈاکٹر بننے پر حکومت کا کم از کم چالیس لاکھ روپیہ خرچ ہوتا ہے۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے شکر گزار ہیں کہ اب یہاں سے فارغ التھصیل بچے دنیا میں کہیں بھی اپنا نام بنا سکتے ہیں، اس کالج کا معیار بہترین ہے، ہم مظفرآباد، راولاکوٹ، میرپور میڈیکل کالجز کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرینگے۔ 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ آزادکشمیر کے لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں راجہ فاروق خان جیسا لیڈر ملا یہ بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آج جو بچے فارغ ہوئے ہیں ان کا مستقبل یہ یقینی طور پر محفوظ بنائیں گے، ہم پوسٹ گریجویشن آزادکشمیر میں کرروانے کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے آزادکشمیر حکومت اور میڈیکل کالج کی درخواست منظور کرتے ہوئے اس عمل کا جلد آغاز کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ آج فارغ ہونیوالے طلبا دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ہر مریض کو اپنا فیملی ممبر سمجھ کر اس کا علاج کریں، آپ کی دلجوائی سے بھی مریض کو افاقہ ہو گا۔ آزادکشمیر میڈیکل کالج مظفرآباد ایک معیاری اور شاندار کوالٹی کا حامل ادارہ ہے یہاں آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔
خبر کا کوڈ : 807861
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش